بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے محمود آباد، منظور کالونی نالے کے اطراف قائم تجاوزات کو ہٹائے جانے کا عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا

0
1084

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے محمود آباد، منظور کالونی نالے کے اطراف قائم تجاوزات کو ہٹائے جانے کا عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا
کراچی:(طلعت محمود استاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے محمود آباد، منظور کالونی نالے کے اطراف قائم تجاوزات کو ہٹائے جانے کا عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا، پیر کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آٹھواں دن تھا جس میں مختلف پختہ تعمیرات کو منہدم کرنے کا کا م شروع کیا گیا، قبل ازیں پہلے مرحلے میں ہلکی نوعیت کے تجاوزات کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ نالے کے دونوں اطراف راستوں کو ہموار بنا دیا گیا تھا تاکہ یہاں سے بھاری مشینری اور گاڑیاں با آسانی آگے تک رسائی حاصل کرسکیں، اس کارروائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکمے انسداد تجاوزات، کچی آبادی، لینڈ، میونسپل سروسز، سٹی وارڈن سمیت انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ذمہ داران بھی شریک ہیں، پیر کو شروع ہونے والی کارروائی سے قبل متاثرہ مکانوں اور دکانوں کی بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع کردیئے گئے تھے بعدازاں مکانوں اور دکانوں کے وہ پختہ حصے توڑے گئے جن کا کچھ حصہ اپنی حدود سے تجاوز کررہا تھا جبکہ سروے کے دوران پہلے سے طے شدہ وہ 57 مکانات اور دکانیں بھی شامل ہیں جن کے تعمیراتی حصے بہت زیادہ آگے تک بنائے گئے ہیں ان کے مالکان کو اپنا ضروری سامان نکالنے کے لئے مزید کچھ دن کا وقت دیا گیا ہے تاکہ انہیں نقصان نہ پہنچے اور آئندہ چند یوم میں ان غیر قانونی تعمیرات کو بھی ہٹا دیا جائے گا، پیر کو ہونے والی کارروائی میں بھاری مشینری اور افرادی قوت نے حصہ لیا اور پر امن ماحول میں کارروائی کو جاری رکھا، مقامی لوگوں کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کی جانے والی کارروائی کے دوران از خود کیا جانے والا تعاون خوش آئند ہے، نالے کے دونوں جانب راستہ ہموار کرنے سے بھاری مشینری آسانی کے ساتھ آگے تک پہنچ رہی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ اصل ڈیزائن کے مطابق کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور اس حوالے سے کسی بھی شخص کو کسی بھی طرح کا نقصان اور پریشانی نہ ہو، واضح رہے کہ محمود آباد، منظور کالونی نالے سے تجاوزات ہٹائے جانے کے عمل کو مکمل کرلینے کے بعد نالے کے ساتھ دائیں اور بائیں دونوں جانب 12 فٹ کے روڈ سمیت 3 فٹ کی فٹ پاتھ بھی بنائی جائے گی اس طرح نالے کے دونوں جانب 15-15 فٹ کی جگہ گزرنے کے لئے دستیاب ہوگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here