کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں عالمی سطح کا ہاکی اسٹیڈیم آئندہ تین ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1348

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں عالمی سطح کا ہاکی اسٹیڈیم آئندہ تین ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا جس میں 3 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، کے ایم سی ملازمین پر مشتمل کرکٹ اور فٹ بال کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی،کراچی میں بہت جلد میراتھن، سوئمنگ چیمپئن شپ اور ٹینس کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس محمد کنور ایوب اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کو ایک بار پھر کھیل، تہذیب و ثقافت اور علم کا شہر بنانے کے لئے سب کو مل کر بھرپور جدوجہد کرنی ہے تاکہ یہ شہر کھیل و ثقافت کی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں تقریباً ختم ہوکر رہ گئی ہیں اور کھیلوں کے میدان سنسان ہوگئے ہیں، اسپورٹس کمپلیکس میں نوجوان کھیلتے نظر نہیں آتے جس کی وجہ سے کراچی میں مختلف کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑی پیدا نہیں ہورہے جبکہ ماضی میں کراچی سے عالمی سطح کے کرکٹرز، فٹ بالرز، اسکوائش، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن کے کھلاڑی اور سوئمنگ چیمپئنز پیدا ہوئے اور انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان سمیت کراچی کو نہ صرف روشناس کرایا بلکہ اپنے شہر کو بے شمار اعزازات بھی دلوائے، انہوں نے کہا کہ کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں عالمی سطح کے ہاکی اور فٹ بال اسٹیڈیم کا 80 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے اور یہ اسٹیڈیم اپنی تکمیل کے بعد شہر کا خوبصورت ترین اسٹیڈیم ہوگا جہاں شہری دلچسپ ہاکی مقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے، انہوں نے کہا کہ کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس کو کھیلوں کا مرکز ہونا چاہئے کیونکہ 40 ایکڑ رقبے پر مشتمل اس کمپلیکس میں کھیلوں کی ہر سہولت موجود ہے مگر اس کے باوجود کراچی کے نوجوان کھلاڑی ان سہولیات سے مستفید نہیں ہورہے، انہوں نے ہدایت کی کہ کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں واقع 5 ٹینس کورٹس کی فوری مرمت اور تزئین و آرائش کرکے انہیں کھیل کے قابل بنایا جائے جبکہ خواتین پارک میں شیڈز لگائے جائیں، واکنگ ایریا کو بہتر بنائیں اور اسکیٹنگ ایرینا میں بچوں اور نوجوانوں کی تربیت کا انتظام کریں تاکہ ان کھیلوں سے وابستہ بچے اور نوجوان یہاں آئیں اور پریکٹس کے ذریعے مہارت حاصل کرکے ان کھیلوں میں نام پیدا کریں، انہوں نے کہا کہ کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں موجود سوئمنگ پول کراچی میں سرکاری سطح پر دستیاب سب سے بڑا سوئمنگ پول ہے لہٰذا اس سہولت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے یہاں بچوں،نوجوانوں اور خواتین کی علیحدہ علیحدہ سوئمنگ چیمپئن شپس منعقد کرائی جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کھیل ذہنی و جسمانی صحت کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور جو قومیں کھیلوں کو اپنی زندگی میں شامل رکھتی ہیں وہ ناموری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی طور پر ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوتی ہیں اور ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرتی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ دنیا بھر میں فٹ بال کے کھیل کو زبردست مقبولیت حاصل ہے اور اربوں ڈالرز اس کھیل کے ذریعے کمائے جاتے ہیں مگر پاکستان میں اس کھیل کو ابھی تک ویسی اہمیت حاصل نہیں ہوئی ہے جس کا یہ مستحق ہے لہٰذا اس کھیل پر بھرپور توجہ دی جانی چاہئے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی ملازمین پر مشتمل کرکٹ اور فٹ بال کی ٹیمیں جلد ہی دوبارہ گراؤنڈز میں ایکشن میں نظر آئیں گی، انہوں نے ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس کو ہدایت کی کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا ماحول ایسا بنائیں کہ شہری اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ اپنے شہر میں موجود اس بہترین سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مثبت و صحت بخش سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here