بلدیاتی خدمات کے حوالے سے درج کرائی جانے والی شکایات کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1031

بلدیاتی خدمات کے حوالے سے درج کرائی جانے والی شکایات کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی خدمات کے حوالے سے درج کرائی جانے والی شکایات کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں، روزانہ کی بنیاد پر پورٹل کو چیک کیا جائے اور کے ایم سی سے متعلق شکایات کو بلاتاخیر متعلقہ محکموں کو بھیجا جائے، سرکاری محکموں سے فیڈ بیک لینے کے بجائے ان لوگوں سے فیڈ بیک لیا جائے جنہیں شکایات ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں سٹیزن کمپلین انفارمیشن سسٹم 1339،کے ایم سی ویب سیکشن، ورکس اور لینڈ ڈپارٹمنٹ کے فوکل پرسن نے بھی شرکت کی، اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر کے ایم سی کو موصول ہونے والی زیادہ تر شکایات کا تعلق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور کراچی میں تجاوزات اور اس کے خاتمے سے ہوتا ہے جنہیں فوری طور پر ان محکموں میں ارسال کیا جاتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ مختلف محکموں کی جانب سے شہریوں کی شکایات پر ہونے والی پیشرفت کو جاننے کے لئے ملی جلی (Random) شکایات کی بنیاد پر 25 فیصد شکایات کنند گان کو فون کرکے پتہ کیا جائے کہ آیا ان کا مسئلہ حل ہوا ہے یا نہیں تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جاسکے، انہوں نے ہدایت کی کہ گزشتہ سال اور موجودہ سال کی ہر ماہ موصول ہونے والی شکایات کی تعداد اور ان پر ہونے والے کاموں کا ماہانہ اور سالانہ بنیاد پر تقابلی جائزہ لیا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ کس محکمے سے متعلق شکایات کا کیا تناسب ہے اور ان کے حل کی رفتار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس(MUCT) کے نظام کو باسہولت اور جدید بنانے کے لئے MUCT کی ایپ تیار کی جائے اور اسے آن لائن سسٹم سے منسلک کیا جائے تاکہ شہری آن لائن ڈیٹا حاصل کرسکیں اور اس کے مطابق آن لائن بل کی ادائیگی کرسکیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹیزن کمپلین انفارمیشن سسٹم (CCIS)کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس میں بہتری کے لئے افسران کو ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی سہولیات شہری خدمات کی فراہمی میں بے حد معاون اور مفید ثابت ہوئی ہیں لہٰذا انہیں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے اور اس میں شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھا جائے، ہمارا اولین مقصد شہریوں کی ہرممکن بہتر خدمت ہونا چاہئے، وزیراعظم سٹیزن پورٹل ہو یا کے ایم سی کا سٹیزن کمپلین انفارمیشن سسٹم کوئی بھی نظام اس وقت تک کارآمد ثابت نہیں ہوسکتا جب تک اسے ایک عام شہری کے لئے قابل رسائی نہ بنا دیا جائے، جدید ایپس کی بدولت دنیا بھر میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی کا تصور ہی تبدیل ہوگیا ہے لہٰذا اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت کو ضرور پیش نظر رکھا جانا چاہئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہریوں کا فائدہ بھی اسی میں ہے کہ آن لائن جدید سسٹم اور ایپس کو استعمال کریں اور اپنا قیمتی وقت بچا کر بہتر نتائج حاصل کریں، انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ آئی ٹی کی کارکردگی کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہیں گے لہٰذا متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں فعال کردار ادا کریں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here