جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الحاق شدہ کالجز کے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

0
1517

 

جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الحاق شدہ کالجز کے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
کراچی :(اسٹاف رپورٹر) پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو 25 فیصد فیس اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو 50 فیصد فیس کی ادائیگی کرنی ہوگی۔شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجز میں بی اے،بی کام اور بی ایس سی میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباوطالبات کو جامعہ کراچی میں داخلے کی صورت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو 25 فیصد فیس اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو 50 فیصد فیس کی ادائیگی کرنی ہوگی۔علاوہ ازیں طلباوطالبات کی سہولت کے لئے جامعہ کراچی میں مختلف اسکالرشپس فراہم کی جاتی ہیں،اس کے ساتھ ساتھ ایسے طلباوطالبات جو جامعہ کراچی میں داخلے کے خواہشمند ہیں لیکن محض مالی مشکلات کی بناء پر داخلہ لینے سے قاصر ہیں ان طلبہ کی سہولت کے لئے اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈز کا قیام عمل میں لایاگیا ہے تاکہ محض مالی مشکلات کی وجہ سے کوئی طالبعلم حصول علم سے محروم نہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی کام ریگولر سالانہ امتحانات برائے 2019 ء میں جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجز کے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباوطالبات کے اعزاز میں وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقدہ انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو گلدستے پیش کئے گئے اور سرٹیفیکٹس،شیلڈز اور نقد انعامات سے بھی نواز گیا۔اس موقع پر روئسائے کلیہ جات،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید،صدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک،ناظم مالیات جامعہ کراچی طارق کلیم،سیکریٹری ایفیلیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر فیاض وید،ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزرڈاکٹر شمائلہ شفقت،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر،تینوں کالجز کے پرنسپلز اور دیگر موجود تھے۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان ہی قوم کا سرمایہ اور معاشرے کا روشن مستقبل ہیں،ان کی اچھی کارکردگی پر فخر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ناگزیر ہے،تاکہ یہ مستقبل میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے مزید محنت کریں اور پوری دنیا میں اپنے ملک وقوم کا نام روشن کرے۔مسابقت کے اس دور میں ذہین اور باصلاحیت طلبہ ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔
شیخ الجامعہ نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علم کے اس سفر کو صرف ڈگری کے حصول تک محدو د نہیں رکھنا چاہیئے بلکہ عملی زندگی میں قدم رکھ کراپنے ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے اپنا مثبت اور کلیدی کردار اداکرنا چاہیئے۔شیخ الجامعہ نے ناظم امتحانات اور ان کے عملے کی کاوشوں کا سراہتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی درپیش صورتحال کے باوجود نتائج کا بروقت اجراء ناظم امتحانات اور ان کے عملے کی محنت اور دلچسپی کی بدولت ممکن ہواہے۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین نے کہا کہ جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ہدایت پر جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں انعامات کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جو لائق تحسین ہے۔ڈاکٹر ظفر حسین نے بتایا کہ امسال بی کام ریگولر کے امتحانات میں ڈی اے ڈگری کالج فارویمن کی طالبہ عفت اشرف کمدار نے پہلی جبکہ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس کی مبشرہ نے دوسری اور گورنمنٹ پریمیئر کالج فارگرلز کی سیدہ نبیل رضا رضوی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس جیسی صورتحال کے باوجود شیخ الجامعہ کی خصوصی ہدایت اوروقتاً فوقتاً معلومات حاصل کرنے کی بناء پر نتائج کا اجراء بروقت ممکن ہواہے۔
سیکریٹری ایفلیشن کمیٹی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر فیاض وید نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ جامعہ کراچی الحاق دینے سے گریز کرتی ہے،جامعہ کراچی ہر وقت الحاق کرنے کے لئے تیار ہے لیکن جامعہ کراچی کے قواعد وضوابط اورشرائط کے مطابق اور الحاق کے لئے جو شرائط ہیں وہ تمام جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں شرائط پر پورے اترنے والے تمام کالجز کو جامعہ کراچی خوش آمدید کہتی ہے۔
گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس کے پرنسپل پروفیسر سرورعلی شاہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الحاق شدہ کالجز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے،جو کالجز کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک بہترین کاوش ہے۔
اس موقع پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ڈی اے ڈگری کالج فارویمن کی طالبہ عفت اشرف کمدار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے قبل کالجز کے پوزیشن ہولڈرز طلباوطالبات کے اعزاز میں اس طرح کی تقریب کا انعقاد نہیں کیا جاتاتھا۔مجھے خوشی ہے کہ موجودہ شیخ الجامعہ کی ہدایت پر پہلی دفعہ نہ صرف تقریب کا انعقاد کیا گیا بلکہ پوزیشن ہولڈرز کو اعزازات سے بھی نوازاگیا جو کالجز کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کا بہترین ذریعہ ہے۔
گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس کی مبشرہ اور گورنمنٹ پریمیئر کالج فارگرلز کی سیدہ نبیل رضا رضوی نے کہا کہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور ناظم امتحانات جامعہ کراچی کی ہم شکرگزار ہیں کہ انہوں نے امسال جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجز کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا اور ہمیں امید ہے کہ اب یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here