ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ سائوتھ نے انڈر 25 سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن کے فائنل رائونڈ میں جگہ بنالی

0
1332

ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ سائوتھ نے انڈر 25 سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن کے فائنل رائونڈ میں جگہ بنالی
کراچی میں جاری کوالیفائنگ رائونڈ کے تیسرے روز سینٹرل اور ایسٹ کامیاب
سائوتھ کو سینٹرل کے ہاتھوں 2-1 اور ملیر کو ایسٹ کے ہاتھوں 1-0 سے ناکامی کا سامنا رہا
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ سائوتھ نے انڈر 25 سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل رائونڈ میں جگہ بنالی ، کوالیفائنگ رائونڈ میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ٹیم ڈسٹرکٹ سائوتھ کو 2-1 سے شکست دیکر 9 پوائنٹس کیساتھ پہلے نمبر پر آگئی ، ڈسٹرکٹ سائوتھ 6 پوائنٹس لیکر دوسرے ، ڈسٹرکٹ ایسٹ تین پوائنٹس کیساتھ تیسرے جبکہ ملیر کی ٹیم کوئی پوائنٹس حاصل نہ کرسکی ، فائنل میں دونوں ٹاپ ٹیمیں پھر سے ٹکرائیں گی ۔ اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں ڈسٹرکٹ سینٹرل ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری کوالیفائنگ رائونڈ کے تیسرے روز ڈسٹرکٹ سینٹرل نے کامیابی کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، مد مقابل ٹیم ڈسٹرکٹ سائوتھ کو دلچسپ مقابلے میں 2-1 سے شکست دیدی ، فاتح ٹیم کی جانب سے رائٹ ان سید محمد سعد علی نے 32 ویں منٹ گیند کو جال کی نظر کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی ، جسے 34 ویں منٹ میں رائٹ ہاف شوزب نے پینالٹی کارنر پر گول اسکور کرکے دگنا کردیا ، 2-0 کی برتری 44 منٹ تک برقرار رہی تاہم شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے ارسلان حیدر نے 45 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر پر گول بناکر خسارے کو کم کرتے ہوئے 2-1 کردیا تاہم کھیل کے چوتھے کوارٹر میں کوئی گول اسکور نہ ہوسکا مقابلہ 2-1 سے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے حق میں رہا ۔ دوسرے میچ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ نے ڈسٹرکٹ ملیر کو ایک گول سے شکست دیدی فاتح ٹیم اور میچ کا واحد گول عاشق احمد نے میچ کے ساتویں منٹ میں اسکور کیا۔ یوتھ اولمپک ہاکی ٹیم کے کوچ سابق انٹرنیشنل محمد علی خان دوسرے جبکہ سٹی کورٹ کے جج عذیر علی خان غوری پہلے میچ کے مہمان خصوصی تھے ، جنہیں انتظامیہ کی جانب سے اجرک ، سندھی ٹوپی اور شیلڈ پیش کی گئی ۔ کوالیفائنگ رائونڈ کے فائنل کے مہمان خصوصی شیروانی موٹرز کے سی ای او شجاعت شیروانی ہونگے ۔ انڈر 25 سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل رائونڈ 15 اکتوبر سے شکار پور میں منعقد ہوگا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here