جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی نے دنیا میں کام کرنے والی اینویٹو کمپنیز کی فہرست جاری کردی

0
1601

جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی نے دنیا میں کام کرنے والی اینویٹو کمپنیز کی فہرست جاری کردی
دس سرفہرست کمپنیوں میں سے دو کمپنیز جامعہ کراچی کے طلبہ کے اسٹارٹ اَپس ہیں
گلوبل گڈفرمزنے بھی دنیا کی تیس سرفہرست ٹیکنالوجیز کمپنیز کی فہرست جاری کی جس میں جامعہ کراچی کے طلبہ کا اسٹارٹ اَپ زورڈشامل ہے
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے ایسے طلباوطالبات جن کے اسٹارٹ اَپس کوجاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی (جیکا) نے دنیا میں کام کرنے والی اینویٹو کمپنیز میں سرفہرست رکھا ہے ان طلبہ کے اعزازمیں جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امورطلبہ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقادجمعہ کے روز وائس چانسلر سیکریٹر یٹ جامعہ کراچی میں کیا گیا۔
تقریب میں شامل جامعہ کراچی کے طلبہ جن کا تعلق سوشل چیمپ،زورڈ اور سوڈوفائی سے ہے ان کی کاوشوں کو سراہنے اور حوصلہ افزائی کرنے کے لئے انہیں بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی جامعہ کراچی کے اعزازی نشان پیش کئے گئے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی نے دنیا میں کام کرنے والی اینویٹو کمپنیز کی فہرست جاری کی جس میں پاکستان کی دس سرفہرست کمپنیوں میں سے دو کمپنیز جامعہ کراچی کے طلبہ کے اسٹارٹ اَپس ہیں۔اس کے علاوہ گلوبل گڈفرمز نے بھی دنیا کی تیس سرفہرست ٹیکنالوجیز کمپنیز کی فہرست جاری کی جس میں جامعہ کراچی کے طلبہ کا اسٹارٹ اَپ زورڈشامل ہے۔اس طرح سے زورڈ پاکستان کی نمبر ایک اینویٹوکمپنی بن گئی ہے۔
اس موقع پرشیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ طلبہ کی یہ کوششیں انتہائی لائق تحسین اور قابل تقلید ہیں۔یہ کمپنیز پاکستانی سوفٹ ویئر ایکسپورٹس کے ذریعے پاکستانی معیشت کی بہتری کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہورہی ہے،نہ صرف یہ بلکہ سوفٹ ویئر ایکسپورٹس سے پاکستان کی شناخت دنیا بھر میں مزید ابھرکرسامنے آئے گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت جامعہ کراچی اپنے طلباوطالبات کی حوصلہ افزائی کریں کیونکہ ان کی حوصلہ افزائی کے ذریعے ہی ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے ایک مثال کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔
مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے کہا کہ جامعہ کراچی کے وہ طلباوطالبات جو میڈلز حاصل کرتے ہیں انہیں جلسہ تقسیم اسناد میں پذیرائی مل جاتی ہے،وہ طلباوطالبات جو غیر نصابی سرگرمیوں میں جامعہ کراچی کی نمائندگی کرتے ہوئے جامعہ کراچی کا نام روشن کرتے ہیں انہیں 14 اگست کو میڈلز دیئے جاتے ہیں جبکہ آج ہم ان طلبہ کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں جو ان دونوں کیٹیگریز میں شامل نہیں ہوپاتے اور یقینا یہ طلبہ نہ صرف ہمارا بلکہ پورے پاکستان کا فخر ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن،چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر ندیم محموداور ڈاکٹر بدرسمیع بھی موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here