دورحاضر میں کارپوریٹ سیکٹرز کے ساتھ اشتراک جامعات کے لئے ناگزیر حیثیت کا حامل ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
1225

جامعہ کراچی اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
دورحاضر میں کارپوریٹ سیکٹرز کے ساتھ اشتراک جامعات کے لئے ناگزیر حیثیت کا حامل ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورتر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ دورحاضر میں کارپوریٹ سیکٹرز کے ساتھ اشتراک جامعات کے لئے ناگزیر حیثیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے صنعتوں اوردیگر کارپوریٹ سیکٹرز سے مستقل روابط لائق تحسین ہیں۔جامعہ کراچی طلباوطالبات کوبہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں رہتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو مختلف صنعتوں اور کارپوریٹ سیکٹرز میں بھی انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرتی ہے تاکہ مستقبل میں انہیں ملازمت کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور مذکورہ مفاہمتی یادداشت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹر جامعہ کراچی میں جامعہ کراچی اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مفاہمتی یادداشت پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرح عیسیٰ نے دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر کی مختلف برانچز میں انٹرن شپ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیبارٹری آلات سے متعلق تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں طلبہ کے صحت سے متعلق اسٹارٹ اَپ آئیڈیاز کی معاونت کی جائے گی اور انہیں اس حوالے سے اپنے کاروبار شروع کرنے اور اس کو فروغ دینے سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی،اس کے ساتھ ساتھ وبائی امراض اور دیگر بیماریوں کی تشخیص اور اس کے سدباب کے حوالے سے بھی مشترکہ طورپر تحقیقی منصوبوں پر کام کرنا اور آگاہی سیشن جس میں سیمینارز اور ورکشاپس کے ذریعے آگاہی کو فروغ دینا شامل ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here