پہلے چانسلر شہید پاکستان حکیم محمد سعید کی ۱۰۱ویں یوم ولادت کے پرمسرت موقع پر پورے ہفتے مختلف تقاریب کا اہتمام کررہے ہیں، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن

0
1425

پہلے چانسلر شہید پاکستان حکیم محمد سعید کی ۱۰۱ویں یوم ولادت کے پرمسرت موقع پر پورے ہفتے مختلف تقاریب کا اہتمام کررہے ہیں، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن وائس چانسلر ہمدرد یونی ورسٹی نے کہا ہے کہ ہم ہمدرد یونی ورسٹی کے بانی اور پہلے چانسلر شہید پاکستان حکیم محمد سعید کی ۱۰۱ویں یوم ولادت کے پرمسرت موقع پر پورے ہفتے مختلف تقاریب کا اہتمام کررہے ہیں۔ ہمدرد یونی ورسٹی شہید حکیم محمد سعید کا عظیم کارنامہ اور قومی خدمت ہے جو آپ نے ۱۹۹۱ میں قائم کی تھی۔ آج بھی ہمدرد یونی ورسٹی کو منفرد اعزاز حاصل ہے کہ یہ نجی شعبے کی ملک میں سب سے بڑی یونی ورسٹی ہے جس کے کیمپس آج کراچی کے ساتھ اسلام آباد میں بھی ہے۔ ہر سال شہید حکیم محمد سعید کی قائم کردہ ہمدرد یونی ورسٹی ایسے کئی شعبوں میں سینکڑوں گریجویٹس، پوسٹ گریجویٹس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پیدا کررہی ہے جو ملکی ترقی کے لئے اہم ہیں۔ شہید حکیم محمد سعید کی خدمات کا احاطہ کرنا ناممکن ہے کیونکہ اُنہوں نے ہر شعبے میں پاکستان کی خدمت کی ہے۔ آج بھی اُنہیں تعلیم و صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
ہمدرد یونی ورسٹی شہید حکیم محمد سعید کی محض خواہش نہیں تھی بلکہ اُن کے ایسے خواب کی تعبیر ہے جو اُنہوں نے تصور پاکستان کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے دیکھا تھا۔ اُن کی یونی ورسٹی ملک میں جدید تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ آج کی دنیا میں جہاں ہمارے ملک کو کئی چینلجز کا سامنا ہے ہمیں چاہیے کہ شہید حکیم محمد سعید کے افکار و فلسفے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ اُن کی حیات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے جس سے ہمیں خدمت خلق اور تعلیم کی اہمیت و ترویج کا درس ملتا ہے۔ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے اُن کے عظیم و مقدس مشن کو پورا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ میں درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس کار خیر میں شریک ہوں اور تعلیم کو عام کریں۔ شہید حکیم محمد سعید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اس سے بہتر کوئی طریقہ نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here