ضلع وسطی میں خوشیوں اور رنگوں کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا

0
1818

ضلع وسطی میں خوشیوں اور رنگوں کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر دھاریجوکی خصوصی توجہ نے اُجاڑ پارک کو خوشگوار تفریح گاہ بنادیا
اگر سرکاری افسران اپنی ذمہ داریاں خلوصِ دل سے نبھائیں تو کوئی کام ناممکن نہیں
بیرسٹر مرتضی وہاب کا ضلع وسطی گلبرگ میں قائم بارہ دری فیملی پارک کا تزئین نو کے بعد افتتاح کے موقع پر حاضرین سے گفتگو
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان،مشیر قانون،ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع وسطی گلبرگ میں قائم بارہ دری فیملی پارک کا تزئین نو کے بعد افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم اہلیان ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر سینٹرل ڈاکٹر محمد بخش اور انکی ٹیم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس ویران پارک کو دوبارہ آباد کردیا انہوں نے کہا کہ نیت صاف ہو تو منزل آسان ہوجاتی ہے ایک ماہ قبل یہ ایک اجڑا ہوا پارک بلکہ صرف چار دیواری تھی جو اب رنگوں اور پھولوں سے سجی ایک خوبصورت بارہ دری کی شکل میں آپ کے سامنے ہے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے پارکوں کو دوبارہ آباد کریں گے ہم شہر میں شجرکاری کرنے کے لیے کوشاں ہیں ٹی گراونڈ کو پبلک پارٹنر شپ کے اشتراک سے ایک مثالی منصوبہ بنانے جارہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی ڈاکٹر محمد بخش دھاریجو،میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی محترمہ سمیرا حسین،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی امتیاز ابڑو، اسٹنٹ کمشنر گلبرگ ڈاکٹر احسان، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر جنید علی شاہ،ایس پی ٹریفک سید اعجاز الدین،ڈاکٹر اسماء شاہ،سماجی کارکن غلام محمد،نارتھ ناظم آباد ریذڈینٹ کمیٹی کے رُکن فرحان، پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر ظفر صدیقی، ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف،ڈائریکٹر کھیل و ثقافت اکبر حسین، ڈائریکٹر سینی ٹیشن شمعونہ صدف، xen بی اینڈ آر ٖفیصل صغیر سمیت عوام کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں خوشیوں اور محبتوں کاجو سفر ایک بار پھر شروع ہوا ہے اس کو جاری رکھنا ہے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے اپنے شہر کے خاطراپنے صوبے کے خاطر اپنے ملک کے خاطر مل کر کام کرنا ہے اپنے کاموں کو اون کرنا ہے انہوں نے کہا کہ پچھلے تین چار مہینوں میں ہونے والے کام اس بات کی دلیل ہیں کہ ماضی کے لوگوں کی نیت میں فطور تھا ڈ سٹرکٹ سینٹرل میں عوام کے تعاون سے شروع کئے جانے والا یہ خوشگوار اور تعمیری سفر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خوش آئند ہوگا۔مرتضیٰ وہاب نے بارہ دری فیملی پارک کی تزئین نو کے کام کو سرہاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر محمد بخش دھاریجو، میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی سمیرا حسین،ڈائریکٹر باغات اور دیگر بلدیاتی عملے کی کاوشوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ انکا باہمی تعاون اور محنت ضلع وسطی میں انقلابی تبدیلیوں کے مظہر ہونگے۔ اس موقع پر انہوں نے بارہ دری پارک کی اندرونی دیواروں پر مغلیہ دور کی عکاسی کرنے والے فن پاروں کا معائنہ کیا اور پروگرام ”رنگ دے کراچی“ کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”رنگ دے کراچی“ ٹیم کے جذبے او ر محنت نے بارہ دری کے حسن میں چار چاند لگا دئیے ہیں ہم سب کو اسی جذبے کے ساتھ ملکر کام کرنا اوراپنے شہر کراچی اور ملک کی تعمیر میں حصہ لینا ہوگا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی ڈاکٹر محمد بخش دھاریجو نے مذکورہ بارہ دری اور دیگر تفریح گاہوں کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا انہوں سندھ حکومت کے ترجمان،مشیر قانون،ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ضلع وسطی کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے مختلف پروگرامز کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here