بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے سینئر ڈائریکٹر کی نگرانی میں برنس روڈ اور رامسوامی کے علاقے میں کارروائی،

0
1082

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے سینئر ڈائریکٹر کی نگرانی میں برنس روڈ اور رامسوامی کے علاقے میں کارروائی،
کراچی:( طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے سینئر ڈائریکٹر کی نگرانی میں برنس روڈ اور رامسوامی کے علاقے میں غیرقانونی ذبیحہ اور پریشر والے گوشت کی فروخت کے خلاف کامیاب چھاپہ مارتے ہوئے 325 کلو گرام گائے کا گوشت ضبط کرلیا جسے بعدازاں جانوروں کی خوراک کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے چڑیا گھر بھجوادیا گیا، اس کارروائی میں ڈاکٹر شفیق،ڈاکٹر تاج،ڈاکٹر محمد انعام نے حصہ لیا، واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں غیرقانونی ذبیحہ، غیر معیاری اور پریشر والے گوشت کی فروخت کے خلاف کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے اور اس کے لئے سروے اور معائنہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر یہ دیکھیں کہ ذبح ہونے والے جانوروں کا گوشت شہریوں کے استعمال کے قابل ہے یا نہیں، جہاں بھی شکایات موصول ہوں وہاں فوری کارروائی کرکے غیرمعیاری گوشت کی فروخت کو روکا جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایات کے مطابق ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کے سینئر ڈائریکٹر نے محکمہ ویٹرنری کے تحت چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی ذبیحہ اور پریشر والے گوشت کی فروخت کا سدباب کرنے کے لئے کارروائی کر رہی ہیں جبکہ غیرقانونی ذبیحہ اور پریشر والے گوشت کی فروخت میں ملوث افراد کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری گوشت کی فروخت سے باز رہیں بصورت دیگر ایسا تمام گوشت فوری ضبط کرلیا جائے گا اور اس نقصان کی تمام تر ذمہ داری انہی کی ہوگی، سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں واقع مارکیٹوں اور دیگر دکانوں پر چھاپے مارے گئے ہیں جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور ان چھاپوں میں سینکڑوں کلو گرام گوشت ضبط کرکے چڑیا گھر اور رفاعی اداروں کو بھجوایا جاچکا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here