وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کے روز صبح سویرے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کھارادر کے علاقے میں مختلف نجی اسکولوں کا اچانک دورہ کیا

0
1288

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کے روز صبح سویرے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کھارادر کے علاقے میں مختلف نجی اسکولوں کا اچانک دورہ کیا اور ورلڈ لرننگ گرامر اسکول نامی نجی اسکول میں ایس او پیز کی مکمل خلاف ورزی پر اس کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ صوبائی وزیر نے علاقے میں قائم چھوٹے بڑے کم و بیش 10 سے زائد اسکولوں کا دورہ کیا اور ان اسکولوں میں خود اپنے ہاتھوں سے کرسیاں اور ڈیسک کو درست کرکے سماجی فاصلے کو یقینی بنایا۔ صوبائی وزیر نے ڈی جے سائنس کالج کا بھی دورہ کیا اور وہاں اساتذہ اور طالبات کے ماسک نہ پہنے ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے اسکولز کے طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ خود ایس او پیز کو فالو کریں تاکہ نہ صرف اپنے آپ کو اس وبا سے محفوظ کرپائیں بلکہ اپنے اہلخانہ کو بھی اس وبا سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کی صبح ااچانک کھارادر میں قائم مختلف چھوٹی بڑی سرکاری اور نجی اسکولوں کا دورہ کیا اور وہاں ایس او پیز کے حوالے سے ان اسکولز کی انتظامیہ سے باز پرس کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ورلڈ لرننگ گرامر اسکول، کھارادر کے دورے کے دوران کلاس رومز میں کسی قسم کی ایس او پیز نہ ہونے، ایک کلاس میں جاری کردہ ایس او پیز کے برخلاف بچوں کو بٹھانے اور کسی قسم کے ماسک، سینیٹائزر اور دیگر کے فقدان پر فوری طور پر مذکورہ اسکول کو سیل کرنے کی ہدایات دی۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اور ڈی جی پرائیویٹ اسکول کو ہدایات دی کہ فوری طور پر یہاں موجود طلبہ و طالبات کے والدین کو بلا کر بچوں کو ان کے حوالے کیا جائے اور اسکول کو سیل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے مدرسہ اسلامیہ اسکول نمبر 3 کا بھی دورہ کیا اور وہاں چھوٹی کلاسز میں بچوں کے درمیان سماجی فاصلے کے فقدان پر برہمی کا اظہار کیا اور خود اپنے ہاتھوں سے کرسیاں اور ڈیسک اٹھا کر ان بچوں کے درمیان سماجی فاصلہ کروایا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں سے کہا کہ ایس او پیز کے حوالے سے عمل درآمد کو یقینی بنانے میں وہ بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ خود اور اپنے اہلخانہ کو کرونا جیسے وائرس سے بچایا جاسکے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے گلوبل اکیڈمی، ایکسی لینس گرامر اسکول، پاک پروگیسیو گرامر اسکول سمیت متعدد اسکولز کا دورہ کیا اور وہاں موجود ایس او پیز میں کمی پر مذکورہ اسکول کی انتظامیہ کو 24 گھنٹوں کے اندر اندر ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات دی۔ صوبائی وزیر نے مختلف چھوٹے اسکولز میں گنجائش سے زائد بچوں کی حاضری پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اسکول کی انتظامیہ کو ہدایات دی کہ وہ اسکولز کو دو شفٹوں یا بچوں کو ایک دن چھوڑ کر ایک دن کی شفٹ کے طور پر بلائیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈی جی سائنس ڈگری کالج کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری تدریسی نظام اور ایس او پیز کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے لیبارٹریز میں سماجی فاصلے کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہوئے مذکورہ کالج کے پرنسپل کو اس سلسلے میں تمام اقدامات کی ہدایات دی۔ اپنے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے مذکورہ کالج میں اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے ماسک کے استعمال میں کمی پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا اور تمام اساتذہ اور طلبہ کو مکمل ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایات دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here