پاکستان میں چمڑے کی صنعت ملکی زرمبادلہ کو بڑھانے کی زبردست استعداد رکھتی ہے،ایڈمنسٹریٹر

0
1186

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ طلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں چمڑے کی صنعت ملکی زرمبادلہ کو بڑھانے کی زبردست استعداد رکھتی ہے، صنعت کار اور تاجر برادری پاکستانی چمڑے کے برانڈ کو دنیا بھر میں متعارف کرائیں اور اپنی مصنوعات کی سوشلائزیشن پر توجہ دیں تاکہ پاکستانی لیدر مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہواور یہ صنعت تیزی سے ترقی کرے، کورنگی میں لیدر انڈسٹری کے مسائل حل کئے جائیں گے اور علاقے میں سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (سدرن زون)کے آٹھ رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسلام کر رہے تھے جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں پی ٹی اے انوائزمینٹل سوسائٹی کے صدر گلزار فیروز، نائب صدر پی ٹی اے طارق محمود، دانش خان، عزیز احمد، ریحان حنان، کامران حبیب اور رایان محمدشامل تھے، ملاقات کے دوران پی ٹی اے کے وفد نے کورنگی سیکٹر 7-A،پانچ ہزار روڈکے خستہ حال ہونے کی شکایت کی اور کہا کہ اس اہم سڑک پر قائم تجاوزات ہٹائی جائیں اور سڑک کے ساتھ گزرنے والے نالے کو بہتر بنایا جائے کیونکہ دنیا بھر سے صنعت کار اور تاجر یہاں آتے ہیں اور ان پر شہر کا اچھا تاثر قائم ہونا چاہئے، انہوں نے کہاکہ کراچی میں پی ٹی اے کے سدرن زون میں 250 سے 300 لیدر انڈسٹریز موجود ہیں، گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی 21.4 بلین ڈالر کی مجموعی برآمدات میں لیدر انڈسٹری کا حصہ 650 ملین ڈالر رہا جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ کورنگی صنعتی زون میں لیدر انڈسٹریز کے ویسٹ واٹر کو ٹریٹ کرنے کے بعد نالوں میں ڈالا جاتا ہے جس کے لئے یہاں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کمبائن ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا گیا ہے جس سے آلودگی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملی ہے، انہوں نے کہا کہ کورنگی لیدر انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل سے یہ انڈسٹری تیزی سے ترقی کرے گی اور مقامی سطح پر روزگار کے مزید مواقع مہیا ہونے کے ساتھ ساتھ برآمدات کے ذریعے ملکی زرمبادلہ میں اضافہ بھی ہوگا، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے وفد کے ارکان کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لیدر کی صنعت میں ہم کسی سے پیچھے نہیں اگر کوشش کی جائے تو دیگر ممالک کی طرح ہماری لیدر مصنوعات بھی دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کرسکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال عیدالاضحی پر بڑی تعداد میں قربانی کے جانوروں کی کھالیں حاصل ہوتی ہیں جنہیں لیدر انڈسٹری میں استعمال کے لئے سائنسی طریقے سے محفوظ اور ذخیرہ کرنا ضروری ہے اگر ہم اس طرف توجہ دیں تو اس حوالے سے ضائع ہونے والے 40 فیصد ریسورسز کو بچایا جاسکتا ہے جس سے اس صنعت کو فائدہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ کورنگی لیدر انڈسٹری کے متعلق جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان پر فوری توجہ دی جائے گی اور خاص طور پر علاقے کی سڑکوں کو بہتر بنائیں گے اور نالے کی صفائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کچرے کو اٹھانے اور علاقے میں صفائی ستھرائی اور شجر کاری کے لئے بھی انتظامات کئے جائیں گے تاکہ بہتر اور صحت بخش ماحول میں صنعتی سرگرمیاں جاری رہیں، انہوں نے کہا کہ چمڑے کی صنعت ہمارے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس صنعت کو ترقی دینے کا مطلب ملکی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنا ہے لہٰذا اس حوالے سے جو بھی اقدام ضروری ہوا کریں گے اور لیدر انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here