صرف 5 فروری کو ہی نہیں بلکہ سال کے 365 دن پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں،ناصر حسین شاہ

0
986

صرف 5 فروری کو ہی نہیں بلکہ سال کے 365 دن پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں،ناصر حسین شاہ
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صرف 5 فروری کو ہی نہیں بلکہ سال کے 365 دن پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کشمیریوں پر ہونے والے بدترین مظالم پر ہمیں شدید تشویش ہے اور مظلوم کشمیری عوام کے حق خود ارادی اور آزادی کے مطالبے کی حمایت کرتے رہیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5 فروری کو فریئر ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے منعقدہ یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر حریت کانفرنس کے رہنما سردار نزاکت علی، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ کشمیر میں رائے شماری سے گریزاں رہا ہے حالانکہ کشمیر کی 90 فیصد آبادی مسلمان ہے، اگر منصفانہ رائے شماری ہو تو کشمیریوں کو ان کا حق ضرور ملے گا، انہوں نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر پر ہم تمام پاکستانیوں بشمول سیاسی جماعتوں کے قائدین اور افواج پاکستان کی طرف سے دنیا کو ایک ہی پیغام جانا چاہئے وہ یہ کہ کشمیر میں فوری منصفانہ رائے شماری کرائی جائے، انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں، بزرگوں، ماؤں اور بہنوں کو جن بدترین مظالم کا سامنا ہے وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ کشمیریوں کو جلد ان کا حق ملے گا، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے میں ہم تمام پاکستانی سیاسی، لسانی یا دیگر تفریق کے بغیر ایک ہیں اور کشمیریوں کو ان کا حق ملنے تک ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہمیشہ سے بلدیاتی اداروں کو سپورٹ کرتی رہی ہے اور اسی لئے کے ایم سی کے مالی مسائل کے حل کے لئے اضافی گرانٹ فراہم کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کے ایم سی میں تنخواہوں کے شارٹ فال کا نوٹس لیا اور یہ مسئلہ حل کرایا لہٰذا اس کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد اور میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی کی جانب سے کے ایم سی کے انتظامی اور مالی امور میں بہتری لانے اور ریونیو میں اضافے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے کے ایم سی کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا، صوبائی وزیربلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے اور اس حوالے سے نئے قوانین بنانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کے ایم سی کو مضبوط کرکے شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا کی جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر سال 5 فروری کو کشمیر سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر اس تقریب کا اہتمام کرتی ہے تاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے ان کی کاوشوں کی حمایت کی جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں سے اٹھنے والی آواز پورے پاکستان کی ترجمانی کرتی ہے، آج کے دن کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرکے ہم پورے پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی آوازوں میں اپنی آواز ملانا چاہتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور پاکستان کے استحکام کے لئے جہد مسلسل جاری رکھنے کا عندیہ دیا تھا، پاکستانی قوم بابائے قوم کے اس فرمان کے عین مطابق کشمیر کی آزادی اور خود مختاری کے لئے اپنا اخلاقی، سیاسی اور سفارتی کردار ادا کر رہی ہے اور کشمیریوں کو اپنی منزل ملنے تک اسے جاری رکھے گی، انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہی نہیں بلکہ اخلاقی فرض بھی ہے کہ کشمیریوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کریں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس کے رہنما سردار نزاکت علی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریب منعقد کرنے پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ آج یہاں بڑی تعداد میں کراچی کے شہریوں کی موجودگی کشمیر کے حوالے سے ان کے کمٹمنٹ کو ظاہر کرتی ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں نے کشمیر کی تقسیم کو کبھی قبول نہیں کیا اور ہمیشہ یہی موقف اختیار کیا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور وہاں ہندوستان کا قبضہ خطے کے امن و امان کے لئے خطرہ اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں اور صرف اتنا چاہتے ہیں کہ انہیں ان کا جائز اور قانونی حق دیا جائے، انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے لوگوں نے کشمیر کی تحریک آزادی کے لئے قربانیاں دی ہیں اور اس میں سب سے بڑا حصہ سندھ کے لوگوں کا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی اور پاکستان کے دیگر حصوں میں کشمیریوں کے لئے اٹھنے والی آواز رائیگاں نہیں جاتی بلکہ بھارتی حکمرانوں اور دیگر اداروں پر ان کا اثر ہوتا ہے لہٰذا دنیا کے ضمیر کو جگانے کی یہ کوششیں جاری رہنا چاہئیں،انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیر کی آزادی کے لئے جس کمٹمنٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں اگر یہی جوش و ولولہ جاری رہے تو بھارت کا بارود ختم ہوجائے گا مگر ہمارے سینے ختم نہیں ہوں گے، تقریب کے اختتام پر کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ کی قیادت میں ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ اس موقع پر فریئر ہال میں کشمیر کی تحریک آزادی کے حوالے سے ایک تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی جسے شہریوں کی بڑی تعداد نے دیکھا اور سراہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here