چاند بی بی روڈ کی بحالی و استرکاری کے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے، افتخار علی شالوانی

0
1135

چاند بی بی روڈ کی بحالی و استرکاری کے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے، افتخار علی شالوانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ چاند بی بی روڈ کی بحالی و استرکاری کے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے، تاریخی اہمیت کے حامل اس کوریڈور کے اطراف سول اسپتال، SIUT، وفاقی اردو یونیورسٹی، لیڈی ڈفرن اسپتال اور کئی تجارتی مراکز واقع ہیں لہٰذا اس سڑک کو بہتر بنانے سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور ٹریفک جام کے مسئلے کا سدباب ہوسکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاند بی بی روڈ کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور پروجیکٹ ڈائریکٹر چاند بی بی روڈ عبدالصمد، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ چاند بی بی روڈ کی جلد تعمیر کی ہدایت کی ہے کیونکہ یہ ایک اہم سڑک ہے اور یہاں ٹریفک کا حجم بہت زیادہ ہے، خاص طور پر اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو اس سے سہولت ہوگی اور اس سڑک کی تعمیر کے حوالے سے تاجر برادری کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا، اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ SIDCL کے تحت لیڈی ڈفرن اسپتال سے لے کر بوہرہ پیر مزار تک چاند بی بی روڈ پر سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے بعد سڑک کی استرکاری اور جہاں ضروری ہے وہاں مرمت کا کام کیا جائے گا، چاند بی بی روڈ پر 18 انچ قطر کی سیوریج پائپ لائن ڈالی جارہی ہے پرانی لائن بوسیدہ ہوچکی تھی اس لئے اس کی تبدیلی ضروری تھی، سیوریج لائن کی تبدیلی واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے تاہم اس اہم سڑک کو سیوریج اوور فلو کے باعث خراب ہونے سے بچانے کے لئے کے ایم سی سڑک کی تعمیر کے ساتھ یہ کام انجام دے رہی ہے جسے ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے تعمیراتی کاموں کو اعلیٰ معیار کے مطابق انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ خود تمام کاموں کا جائزہ لیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گاکہ شہر میں جو بھی ترقیاتی کام کیا گیا ہے اس کے زیادہ سے زیادہ فو ائد شہریوں کو ملیں اور ان کے مسائل حل ہوں، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے متعلقہ افسران کے ہمراہ پاکستان چوک کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ اس تاریخی مقام پر 25 فٹ اونچا قومی پرچم نصب کرکے چوک کے اطراف قائداعظم، علامہ اقبال، لیاقت علی خان، محترمہ فاطمہ جناح سمیت بانیان پاکستان کی تصاویر آویزاں کی جائیں تاکہ تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان چوک تاریخی حیثیت کا حامل ہے کیونکہ قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی بڑی تعداد نے اسی جگہ قیام کیا تھااور رفتہ رفتہ اس علاقے کو ترقی ملتی گئی آج یہاں متعدد کاروباری مراکز قائم ہوچکے ہیں اور اس علاقے کی رونق میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پاکستان چوک کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہ شہر میں تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں اور مقامات کی اصل حالت میں بحالی اور تزئین و آرائش کا مقصد نئی نسل کو اس قیمتی ورثے کی اہمیت سے روشناس کرانا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے لہٰذا مزید ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شایان شان اقدامات عمل میں لائے جاسکیں، انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہری جس طرح یوم آزادی اور یوم پاکستان پر اپنے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کرتے ہیں اور ملک سے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں لہٰذا امید ہے کہ وہ تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی خدمات کا اعتراف کرنے اور ان کے پیغام کو عام کرنے میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے،پاکستان چوک پر قومی پرچم کی تنصیب اور بانیان پاکستان کی تصاویر لگائے جانے سے اس چوک کی رونق اور خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا اور لوگ اپنی فیملی کے ہمراہ وقت گزارنے کے لئے یہاں آئیں گے، انہوں نے پاکستان چوک کے اطراف صفائی ستھرائی کے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہاں آنے والے شہریوں کو سہولت حاصل ہوسکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here