سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز میں معاہدے پر دستخط

0
2062

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز میں معاہدے پر دستخط
سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے درمیان تحقیق اور اکیڈمک بہتری کیلئے معاہدہ کیا گیا ہے۔ ا س سلسلے میں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب پیر کے روز منعقد کی گئی۔جس پر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ اور اے آئی پی ایس کی صدر ڈاکٹر فرحت حق نے دستخط کیے۔معاہدے کے مطابق اعلی تعلیم کے میدان میں دو طرفہ تعاون، غیرملکی اسکالرز کے ذریعے اساتذہ کی تربیت اور دونوں اداروں کے ذرائع اور معلومات کو پاکستانی اور امریکی اداروں کیلئے قابل استعمال بنانے سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون کیا جائے گا۔
اس موقع پرجامعہ کے سینیٹ ہال میں خطاب کرتے ہوئے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ اے آئی پی ایس ادارہ کئی دہائیوں سے بہترین کارکردگی پیش کررہا ہے۔ہمارا مقصد ہے کہ ہمارے فیکلٹی میمبرز معیاری اور اعلی تحقیق پیش میں نمایاں مقام حاصل کریں۔ اور اسکے ساتھ امریکا کے اسکالرز بھی یہاں پر آئیں۔پاکستان کے حوالے سے ایس ایم آئی یو نے سب سے زیادہ لیڈرز پیدا کیے ہیں اس لیے ہم اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی منزل متعین کررہے ہیں۔ اکیڈمک اور تحقیق ہر حوالے سے ایس ایم آئی یوکا معیار عالمی سطح کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بھی ہمیں موقع ملا ہم نے دیگر جامعات کو بھی معاہدے کرنے اور تعاون بڑھانے کے مواقع فراہم کیے۔
امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کی صدر ڈاکٹر فرحت حق نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے پاس بہت بڑا وژن ہے اور یہ برصغیر کا دوسرا قدیم تعلیمی ادار ہ ہے۔بھنبھور، مکلی اور بادشاہی مسجد کا دورہ کرنے کے بعد اس بات کا مشاہدہ ہوا کہ یہاں کے لوگ کس قدر تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ پندرہ سالوں سے پاکستان میں خراب صورتحال کے باعث غیر ملکی ریسرچ اسکالرز بہت کم تعداد میں پاکستان آرہے ہیں جبکہ اب ہماری کوشش ہے کہ ہم ان اسکالرز کوپاکستانی جامعات میں لیکر آئیں تاکہ وہ پاکستان میں اساتذہ کو بہتر تعلیمی ماحول مہیا کرسکیں۔
مہمان وفدمیں امریکن انسٹیٹوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ندیم اکبر اور انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار دی پروموشن آف سوشل سائنسز کے کوآرڈینیٹر مرتضی نور بھی شامل تھے۔مہمانوں نے جناح میوزم کا بھی دورہ کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here