یوم آزادی کا دن انتہائی خوشی اور شادمانی کا دن ہے، ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن

0
1905

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے کہا ہے کہ یوم آزادی کا دن انتہائی خوشی اور شادمانی کا دن ہے۔ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے، تحریک پاکستان کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے اس وطن کے حصول کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، اب ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم اس وطن کی حفاظت، استحکام اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کام کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں یوم آزادی کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)لیبر ڈویژن کے ایم سی یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ارشد انصاری‘ ناصر بیگ‘ انچارج لیبر ڈویژن احمد بھائی‘ ندیم مرزا‘ شاہ رخ رضوان‘ محکمہ جاتی سربراہان‘ کے ایم سی کے سینئر افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی، ڈپٹی میئر نے اس موقع پر یوم آزادی کے حوالے سے کیک کاٹتے ہوئے قوم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں قائد اعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کاربند رہ کر اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ اپنے وطن کو سنوارنے اور خوب سے خوب تر بنانے کے لئے ہم سب مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ14/ اگست کا دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے یہ وہ دن ہے کہ جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر علیحدہ وطن حاصل کیا ہمارے آباؤ اجداد نے اپنا تن من دھن قربان کیا اور پاکستان کے قیام کے لئے لاکھوں مسلمانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ڈپٹی میئر نے کہا کہ 14 اگست 1947ء کے دن قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں نے اپنے اتحاد اور اتفاق سے قربانیاں دے کر ناممکن کو ممکن بنادیا اور دنیا کے نقشے پر پاکستان کی یہ عظیم مملکت وجود میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہماری مٹی کو ذرخیز بنایا ہے جو سونا اگلتی ہے زمین کے سینے میں نمک، کوئلہ، جپسم اور زمرد کے ذخائر موجود ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر معدنیات بھی کثیر تعداد میں موجود ہیں۔دریاؤں، ندی، نالوں کی افراط ہے جن سے چپہ چپہ زمین سیراب و آباد ہو رہی ہے۔اس ملک کے نوجوان حوصلہ مند اور ہنر مند ہیں۔ تجارتی، صنعتی اور زرعی میدان میں بھی ہم کسی سے پیچھے نہیں۔ جنگی مہارت میں بھی ہماری پاک افواج کا شمار دنیا کی بہترین فوج میں ہوتا ہے جو دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر اس ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے۔الحمدللہ آج پاکستان میں اتنی قوت ہے کہ وہ اس پر پڑنے والی ہر میلی آنکھ کو صفحہ ہستی سے مٹا دے۔ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ کراچی کے شہری قومی اہمیت کے حامل مواقع پر ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں اور دیگر قومی دنوں کی طرح یوم آزادی بھی انتہائی جوش و خروش سے مناتے ہیں۔میں دعا گو ہوں کہ کراچی کے نوجوانوں کا جذبہ حب الوطنی اسی طرح قائم و دائم رہے اور وہ اسی خلوص و جذبے کے ساتھ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے مناتے رہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here