جامعہ کراچی میں حکومت سندھ کے اشتراک سے کووڈ19 ویکسینیشن سینٹرکا افتتاح

0
798

جامعہ کراچی میں حکومت سندھ کے اشتراک سے کووڈ19 ویکسینیشن سینٹرکا افتتاح
جامعہ کراچی کے اساتذہ،انتظامی عملے اور طلبہ کی مفت ویکسینیشن کا عمل شروع
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون،ماحولیات وساحلی ترقی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ویکسینیشن کے حوالے سے جو منفی پروپیگنڈا کیاجارہاہے اسے ہم سب کو اپنے عمل کے ذریعے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔دنیا بھر کے جن ممالک میں کروناوائرس کی وجہ سے لگائی جانے والی بندشیں ختم کی جارہی ہیں اور معمولات زندگی بحال ہورہی ہے اس کی بڑی وجہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ بھرپورویکسینیشن ہے۔آج اگر امریکہ میں معمولات زندگی بحال ہوئے ہیں تو وہاں تقریباً70 فیصدآبادی ویکسینیشن کراچکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا مشکورہوں کہ انہوں نے اس وباء کے نقصانات کا ادراک رکھتے ہوئے جامعہ کراچی میں ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے کو ترجیح دی جس کے ذریعے جامعہ کراچی کے اساتذہ اور انتظامی عملے کے ساتھ ساتھ جامعہ کراچی میں شہر کراچی اور ملک کے طول وعرض سے حصول علم کے لئے آنے والے ہزاروں کی تعداد میں موجودطلبہ مفت ویکسین لگواسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں حکومت سندھ کے اشتراک سے قائم ہونے والے کووڈ19 ویکسینیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید،ڈائریکٹر بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی وحیاتیاتی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری،ممبرسندھ اسمبلی و ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی سعدیہ جاوید،ممبرسنڈیکیٹ صاحبزادہ معظم قریشی،روئسائے کلیہ جات،صدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر اور جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے صدور اور اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے ذہن سازی کے ساتھ ساتھ آگاہی کا بھی بہترین ذریعہ ہیں،اساتذہ معاشرے کا وہ اثاثہ ہوتے ہیں جومعاشرے کی ذہن سازی میں بہترین کرداراداکرسکتے ہیں۔کروناوائزس سے نمنٹے کے لئے حکومت سندھ کا کردار لائق تحسین اور قابل تقلید ہے اس وقت صوبہ سندھ میں 250 سے زائد ویکسینیشن سینٹر قائم ہیں جہاں مفت ویکسین لگائی جارہی ہیں۔تمام ترمنفی پروپیگنڈوں اور اس عالمی وباء کو موثر ویکسینیشن، سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کے ذریعے شکست دی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کروناوائرس کی پھیلاؤ کوروکنے کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں،جامعہ کراچی میں ویکسینیشن سینٹر کے قیام پر حکومت سندھ کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ سینٹر سے جامعہ کراچی کے اساتذہ،انتظامی عملہ اور طلبہ مفت ویکسین لگواسکتے ہیں۔ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ آگاہی کا بہترین ذریعہ بن سکتے ہیں۔دوبارہ معمولات زندگی کو بحال کرنے کے لئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ویکسینیشن ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ کراچی میں قائم ویکسینیشن سینٹر میں ایسٹرازینیکا،سینوفارم،سینوویک اور کین سینوکے اسٹاک موجود ہیں جس سے جامعہ کراچی کے اساتذہ،انتظامی عملہ اور طلبہ استفادہ کرسکتے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کا عملہ صبح تاشام ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے موجود رہے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here