بوٹینک گارڈن اینڈہربیریم جامعہ کراچی کو پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی کے نام سے موسوم کرنے کی تقریب

0
932

بوٹینک گارڈن اینڈہربیریم جامعہ کراچی کو پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی کے نام سے موسوم کرنے کی تقریب
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) وہ ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جو اپنے ہیروز کو فراموش نہیں کرتے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
عصر حاضر میں گلوبل وارمنگ ایک بین الاقومی چیلنج ہے جو بالخصوص پاکستان اور شہر کراچی کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون،ماحولیات وساحلی ترقی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جو اپنے ہیروز کو فراموش نہیں کرتے اور مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی نے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بوٹینک گارڈن اینڈہربیریم جامعہ کراچی کو پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی کے نام سے موسوم کردیا ہے جو ایک بہت اچھی مثال ہے اور اس طرح کی مثال ہمیں بہت بڑے پیمانے پر کرنے کی ضرورت ہے اور جن لوگوں نے ماضی میں معاشرے کی خدمت کی ہے ان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوٹینک گارڈن اینڈہربیریم جامعہ کراچی کو پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی کے نام سے موسوم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کا اہتمام پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی بوٹینک گارڈن اینڈ ہربیریم جامعہ کراچی میں کیا گیا تھا۔اس موقع پر جسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، ممبرسندھ اسمبلی و ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی سعدیہ جاویداورممبرسنڈیکیٹ صاحبزادہ معظم قریشی بھی موجودتھے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزیدکہا کہ ماحول کسی بھی معاشرے کا بہت اہم جز ہوتاہے،ہم ہمیشہ ڈیولپمنٹ کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ماحولیاتی ترقی کو بھول جاتے ہیں،سڑکیں اور پل بنانے سے ہمیں آسانی تو ہوتی ہے لیکن ہریالی ہماری صحت کے لئے ناگزیر ہے اور اس کے لئے شجرکاری ضروری ہے۔جامعہ کراچی میں 43 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں اگریہ طلبہ ایک ایک پوداپودالگائیں اور ان کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنائیں تویہ 43 ہزار پودے ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرکے درجہ حرارت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی تواترکے ساتھ شجرکاری کررہی ہے جو لائق تحسین ہے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی ایک معروف ماہرنباتیات تھے،ان کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائے گا، پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بوٹینک گارڈن اینڈ ہربیریم جامعہ کراچی کو ان کے نام سے موسوم کردیا گیاہے۔مذکورہ گارڈن میں پاکستان میں پائے جانے والے مختلف اقسام کے پودوں پر تحقیق کے ساتھ ساتھ طلبہ کو پودوں کی اہمیت وافادیت کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں گلوبل وارمنگ ایک بین الاقومی چیلنج ہے جو بالخصوص پاکستان اور شہر کراچی کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔شہر کراچی میں روز بروز بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے شجرکاری کی اہمیت اور افادیت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ جامعہ کراچی میں تواتر کے ساتھ نہ صرف شجرکاری ہورہی ہے بلکہ پودوں کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایاجارہا ہے جس کا منہ بولتاثبوت جامعہ کراچی کلین اینڈ گرین کیمپس ہے۔
جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی ایک معروف ماہرنباتیات تھے جو قومی اور بین الاقومی سطح پر اپنی شہرت رکھتے تھے۔مجھے خوشی ہے کہ ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بوٹینک گارڈن اینڈ ہربیریم جامعہ کراچی کو ان کے نام سے موسوم کردیا گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر سید ارتفاق علی بوٹینک گارڈن اینڈ ہربیریم جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انجم پروین نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی پروفیسرڈاکٹر انیلا امبر ملک نے کلمات تشکر اداکئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here