درست فیصلہ اور سخت محنت ہی کامیابیوں سے ہمکنار کرسکتی ہے، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی

0
1190

درست فیصلہ اور سخت محنت ہی کامیابیوں سے ہمکنار کرسکتی ہے، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے کہا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی شعبے میں شمولیت اختیار اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو جاننا اور ان سے آگاہ ہونا انتہائی ضروری ہے اس حوالے سے کیا جانے والا درست فیصلہ اور سخت محنت ہی کامیابیوں سے ہمکنار کرسکتی ہے،بلدیہ عظمیٰ کراچی نے طلبہ و طالبات کے لئے سی ایس ایس کارنر قائم کرکے اپنی نوعیت کا پہلا کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے بڑی تعداد میں ذہین طلبہ و طالبات استفادہ کررہے ہیں، ان خیالات کاا ظہار انہوں نے فریئر ہال لائبریری میں منعقدہ سی ایس ایس کارنر کلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس خورشید شاہ بھی موجود تھے، میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے حوالے سے جہاں اپنی دیگر ذمہ داریوں کو نبھا رہی ہے وہیں طلباء کو آگے لانے کے لئے ایسے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں جن سے طلباء کو مستقبل میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے سہولت میسر ہوسکے اس مقصد کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے فریئر ہال کی لائبریری اور المرکز اسلامی عائشہ منزل پر سی ایس ایس کارنر قائم کردیئے ہیں جبکہ فریئر ہال لائبریری کا سی ایس ایس کارنر ہفتے میں چار دن متواتر اپنی کلاسز کا آغاز کرچکا ہے جہاں شام کے اوقات میں آنے والے طلبہ و طالبات کو سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری کے حوالے سے مختلف سینئر ترین بیوروکریٹس اور علم و دانش سے وابستہ شخصیات انہیں اپنے تجربات اور مشاہدات سے آگاہ کرتی ہیں جس کے باعث سی ایس ایس کارنر میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات بڑے پیمانے پر استفادہ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو افراد سی ایس ایس کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شروع کئے گئے سی ایس ایس کارنر سے استفادہ کریں اور مستقل مزاجی کے ساتھ سخت محنت کرتے ہوئے سی ایس ایس امتحانات کی تیاری کریں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جبکہ بڑی تعداد میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ہی سے ناصرف اپنے والدین، اسکول اور کالج کا نام روشن کیا بلکہ ملکی سطح پر اپنی تعلیمی اور علمی صلاحیتوں کو بھی منوایا، انہوں نے کہا کہ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ایسے ذہین لوگوں کو درست رہنمائی کے ساتھ صحیح سمت میں سفر کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے،ہماری کوشش ہے کہ ہر وہ شخص جو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں دلچسپی رکھتا ہے وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے فراہم کی گئی سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھائے، واضح رہے کہ سی ایس ایس امتحانات میں شرکت کے خواہشمند طلباء سی ایس ایس کارنر میں شرکت کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فریئر ہال میں قائم پارکس ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ المرکز اسلامی میں بھی رابطہ ڈیسک بنا دی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here