ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی نچلے گریڈ سے کی جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1251

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ طلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی نچلے گریڈ سے کی جائے اور اس کے بعد بتدریج اوپر والے گریڈ کے افسران کو تنخواہ دی جائے، تنخواہ کے بغیر سب ہی ملازمین کو متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ملازمین کا خصوصی خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ بھر پور توجہ کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل فائراسٹیشن کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہیں کے ایم سی فائربریگیڈ کے امور اور عملے کو درپیش مسائل اور ضروریات کے متعلق بریفنگ دی گئی، ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں فائربریگیڈ اور ریسکیو بنیادی ضرورت ہے، اسے ہر وقت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے درکارمشینری، گاڑیوں اور آلات سمیت تیارحالت میں رہنا چاہئے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جاسکتی، انہوں نے چیف فائر آفیسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرل فائراسٹیشن میں کھڑی ناکارہ گاڑیوں کو یہاں نمائش کے طورپر رکھنے کے بجائے اسکریپ کریں اور فائر بریگیڈ کے ہیڈ آفس کو صاف ستھرا رکھیں، فائربریگیڈ کی تمام گاڑیوں اور آلات کو بلاتاخیر درست حالات میں لایا جائے، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ2017ء میں جاپان سے تحفے میں ملنے والے فائرٹینڈر اور اسنارکل انتہائی خراب حالات میں ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ اگرہم صرف تین سال قبل ملنے والے اس تحفے کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی نہ کرسکیں تو اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہوگی؟ انہوں نے کہا کہ بہت جلد حکومت کی جانب سے ملنے والے فائرٹینڈر فائر بریگیڈ کے فلیٹ میں شامل ہوجائیں گے، ان جدید گاڑیوں کی موجودہ فلیٹ میں شمولیت سے کے ایم سی فائربریگیڈ کی آگ بجھانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور شہر میں کسی بھی جگہ ضرورت پڑنے پرتیزی سے کارروائی کرنے کا موقع ملے گا،ایڈمنسٹریٹرکراچی افتخار علی شالوانی نے چیف فائر آفیسر کو یہ ہدایت بھی کی کہ فائربریگیڈ کی تمام گاڑیوں کی مکمل لسٹ(inventory) بنائیں جس سے پتا چلے کہ کو نسی گاڑی کب خریدی گئی، اس کی خرابی کی کیا وجوہات ہیں اور ٹھیک کرانے کیلئے کتنا فنڈ درکار ہے،انہوں نے کہا کہ فائرفائٹرز محنت، ہمت اور بہادری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، نامساعد حالات میں بھی انہیں مختلف مواقع پر شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کے لئے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرتے دیکھا گیا ہے، کے ایم سی کے اسی محکمے نے 2005میں آزاد کشمیر اور بالاکوٹ میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کی مدد کرکے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ کیا تھا جس پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 7فائرمینز کو حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ شجاعت عطاکیا گیا جو کے ایم سی فائر بریگیڈ کی مثالی کارکردگی کا ثبوت ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر سینٹرل فائراسٹیشن میں موجود DENNISکمپنی کا 1912ء میں تیار کردہ تاریخی فائرٹینڈر کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ا س تاریخی اثاثے کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے لہٰذا اسے درست کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here