پاکستان واپڈا نے دفاعی چیمپیئن پاکستان آرمی کو ہرا کر تیرہویں مینز نیشنل ٹگ آف وار چیمپیئن شپ جیت لی

0
2432

پاکستان واپڈا نے دفاعی چیمپیئن پاکستان آرمی کو ہرا کر تیرہویں مینز نیشنل ٹگ آف وار چیمپیئن شپ جیت لی۔ جبکہ پاکستان ریلویز نے پنجاب کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔مہمان خصوصی پاکستان ٹگ آف وار فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری جمیل احمد رانا نے انعامات تقسیم کیئے۔قبل ازیں سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان ٹگ آف وار فیڈریشن کی نگرانی میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں منعقدہ مذکورہ چیمپیئن شپ کے فائنل اور تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی جمیل احمد رانا،ممبر صوبائی اسمبلی غلام جیلانی،ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر رفیق پیرزادہ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینیئر سید محفوظ الحق،سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت و دیگر اعزازی مہمانوں کو سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کےسرپرست گلفراز احمدخان،آرگنائزنگ سیکریٹری جاوید اقبال بیگ،ڈپٹی آرگنائزنگ سیکریٹری عظمت پاشا،کراچی ٹگ وار ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی خان اور آرگنائزنگ کمیٹی کے دیگر عہدیداران نے خوش آمدید کہا اور ٹیموں کا ان سے تعارف کرایا۔ اس موقع پر ایرینا اور متصل ایریا کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ ٹیکنیکل و گرائونڈ کمیٹی کی جانب سے مقابلوں کو پرلطف اور جازب نظر بنانے کےلیئے مکمل کنٹرول دیکھنے میں آیا اور مقابلے بنا کسی تعطل و رکاوٹ کے منعقد ہوسکے۔ فائنل کے آغاز سے قبل قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ میچز کے دوران معروف اسپورٹس اینکر پرسن نسیم راجپوت کی خوبصورت آواز نے سماں باندھے رکھا جبکہ پاکستان وومین ٹگ آف وار ٹیم کی کپتان جویریہ، منہا اور دیگر کھلاڑیوں نے کمنٹری و تبصرہ کرنے میں انکی بھرپور معاونت کی۔ کھیلے گئے فائنل میں گروپس میں ناقابل شکست رہنے والی آرمی اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان شائیقین کی تالیوں کی گونج میں اعصاب و عضلات شکن مقابلہ دیکھنے میں آیا اور دفاعی چیمپیئن آرمی کے ٹگ واریئرز نے ٹائٹل اپنے پاس رکھنے کی سرتوڑ کوشش کیں تاہم واپڈا کی ٹیم نے انکی ایک نہ چلنے دی اور دونوں پلز میں کامیاب رسہ کشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2-0 سے کامیابی حاصل کی اور چیمپیئن ٹگ واریئرز قرار پائے۔قبل ازیں پاکستان ریلویز نے پنجاب کو باآسانی 2-0 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ سینٹرل ٹگ آف وار ایسوسی ایشن سید نعمان احمد مہمان خصوصی تھے۔چیمپیئن شپ کے تمام میچز کو پاکستان ٹگ آف وار فیڈریشن کے نامزد پینل آفیشلز محمد اکرم، محمد علی، خوشحال خان،محمد اشفاق گجر،پرویز احمد شیخ، نصرت حسین،محمد کلیم خان اور شمروز خان نے کامیابی سے سپروائز کیا۔اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی کے دیگر عہدیداران و ممبران سید نعمان احمد،ریاض صدیقی، فاروق صدیقی،سید وقار احمد،مبشر مختار،حمیرا صدیقی، ،محمد ندیم،انتصارحیدر عائشہ ارم، شفقت مکانی، ظہیرالدین، اصغربلوچ، محمد تقی،کاشف فاروقی،زین العابدین اور دیگر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد رانا نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں 2020 میں ہونے والی اگلی چیمپیئن شپ لاہور میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسکی میزبانی پاکستان واپڈا کےسپرد کی۔ آخر میں مہمان خصوصی جمیل احمد رانا نے کامیاب ٹیموں اور انکے آفیشلز میں انعامات، اسناد و میڈلز تقسیم کیئے۔جبکہ فیئر پلے ٹرافی پنجاب کو اور دیگر آفیشلز، ٹیکنیکل آفیشلز، ڈویژنل سیکریٹریز، آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران کو اعزازی شیلڈز اور اجرک کے تحائف پیش کیئے گئے۔اس موقع پر سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کی جانب سے مہمان خصوصی اور اعزازی مہمانوں کو یادگاری شیلڈز دی گئیں۔جبکہ چیمپیئن شپ کے روح رواں آرگنائزنگ سیکریٹری جاوید اقبال بیگ،ڈپٹی آرگنائزنگ سیکریٹری عظمت پاشا، کراچی ٹگ وار ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی خان،معروف اسپورٹس اینکر پرسن نسیم راجپوت، محمد ندیم، میڈیا کوآرڈینیٹر پرویز احمد شیخ اور فوٹو گرافر اسد علی کو اعزای شیلڈز و اجرک پیش کی گئیں۔ چیمپیئن شپ میں چاروں صوبوں کے علاوہ آرمی، پولیس، ریلویز اور واپڈا کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here