پندرہ فروری سے شروع ہونے والی کراچی سرسبز بناؤ مہم کو بھرپور بنانے کے لئے دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے ساتھ شجر کاری میں تعاون کا معاہدہ کیا ہے،لئیق احمد

0
1018

پندرہ فروری سے شروع ہونے والی کراچی سرسبز بناؤ مہم کو بھرپور بنانے کے لئے دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے ساتھ شجر کاری میں تعاون کا معاہدہ کیا ہے،لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ 15 فروری سے شروع ہونے والی کراچی سرسبز بناؤ مہم کو بھرپور بنانے کے لئے دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے ساتھ شجر کاری میں تعاون کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت کے ایم سی کا محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے شہر کی چھ اہم سڑکوں پر منظم اور سائنٹفک طریقے سے درخت اور پودے لگا کر ان کی آبیاری اور حفاظت کا انتظام کرے گا ، کراچی کو درختوں اور سبزے کی اشد ضرورت ہے، میٹرو پولیٹن شہروں میں ماحولیاتی تبدیلی اور فضائی آلودگی بڑا مسئلہ بنتی جارہی ہے اگر آج اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو آنے والے وقت کے چیلنج سے نمٹنا مشکل ہو گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ اور دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں کیا، اس موقع پر میٹرو پولیٹن کمشنر افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر طحہ سلیم، فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہ رخ عطاری، یعقوب عطاری، محمد امین و دیگر ارکان بھی موجود تھے، مفاہمتی یادداشت پر کے ایم سی کی طرف سے ڈائریکٹر پارکس جنیداللہ خان اور دعوت اسلامی کی جانب سے شاہ رخ نے دستخط کئے، معاہدے کے تحت فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کراچی کی 6 اہم سڑکوں پر شجر کاری میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مدد کرے گی جن کی مجموعی طوالت 57 کلومیٹر بنتی ہے، ان سڑکوں میں شارع فیصل، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ، ملیر ہالٹ روڈ، اور کورنگی انڈسٹریل ایریا کا 8000 روڈ شامل ہے جہاں 15 فروری سے 15 اپریل تک دو ماہ بھرپور شجر کاری کی جائے گی,، اس معاہدے کی مدت تین سال ہے جسے فریقین کی باہمی رضا مندی سے مزید تین سال تک توسیع دی جا سکے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ ان سڑکوں پر شجر کاری کے لیے ڈیزائن کی تیاری اور پودوں کا انتخاب محکمہ پارکس ہارٹیکلچر ماہرین کی مشاورت سے کرے گا جبکہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن اس مہم کے لئے تین سے پانچ فٹ کے پودے مطلوبہ تعداد میں بمعہ مٹی فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان پودوں کی نگہداشت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہو گی تاہم معاہدے کے مطابق فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے رضا کار تین سال تک ان پودوں کے تناور درخت بن جانے تک تمام چھ سڑکوں پر ان کی نگرانی کریں گے جس سے شجر کاری کے عمل کو پائیدار بنایا جا سکے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ دعوت اسلامی نے شہر کے اس اہم مسئلے پر دست تعاون دراز کر کے قابل تقلید مثال قائم کی ہے امید ہے کراچی میں کام کرنے والے دیگر فلاحی ادارے بھی شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کی کوششوں میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے. انہوں نے کہا کہ سماجی و فلاحی شعبوں میں سرگرم اداروں کا شہر کی بہتری کے لئے شروع کئے گئے کاموں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ہاتھ بٹانا اہم پیش رفت ہے، اس گراں قدر تعاون پر ان کے مشکور ہیں.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here