جامعہ کراچی میں اسپلٹ دو+ دوچارسالہ بی ایس چائینزپروگرام کاباضابطہ افتتاح

0
938

جامعہ کراچی میں اسپلٹ دو+ دوچارسالہ بی ایس چائینزپروگرام کاباضابطہ افتتاح
بزنس چائنیز میں دو سال کے خصوصی اپلائیڈ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا بھی سال 2022 ء میں ہی اعلان کیا جائے گا.
پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی بین الاقوامی کوششیں افسوسناک ہیں،ہم ان تمام قوتوں کو ناکام کرکے پاک چین دوستی کو ایک نئی بلندی پر لے جانے کے لئے کوشاں ہیں۔چینی قونصل جنرل
چینی قوم نے معاشی میدان میں ناقابل فراموش ترقی کی ہے۔ پاکستان کو معاشی میدان میں ترقی کے لئے چین سے سبق سیکھنا ہوں گے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بیجیان Li Bijian نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ یہ ایک لمبا عرصہ ہے، ہمارے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان ہمارا قریبی برادر ملک ہے۔اب پوری دنیا تبدیلیوں سے گزر رہی ہے ایسی تبدیلیاں وقوع پزیر ہو رہی ہیں جو پوری صدی میں نہیں ہوئیں۔ اب دنیا تنازعات کے بجائے بین الاقوامی امن کی جانب گامزن ہے۔ ہم تاریخ انسانی کے اہم دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں ہمیں راستے کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرنا ہے جب ہم پاک چین دوستی کی بات کرتے ہیں، کچھ ایسی طاقتیں ہیں جو اس کے خلاف کام کر رہی ہیں اور سی پیک کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی بین الاقوامی کوششیں افسوسناک ہیں۔ہم ان تمام قوتوں کو ناکام کرکے پاک چین دوستی کو ایک نئی بلندی پر لے جانے کے لئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے زیر اہتمام چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے قیام کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی میں کیا گیا تھا۔اس موقع پر اسپلٹ دو+دوچارسالہ بی ایس چائینزپروگرام کاباضابطہ افتتاح بھی کیاگیا۔
قونصل جنرل نے مزید کہا کہ جب وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان کو چینی معاشی پالیسیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے تو میرا یہ خیال ہے کہ ہم بھی پاکستان سے بہت کچھ سیکھ سکتیہیں۔ ہم دونوں ممالک کے سیاسی، سماجی نظام مختلف ہونے کے باوجود ہم ایک بہترین تعلقات رکھتے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کی تیزی سے ترقی اس کے اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے اور مجھے امید ہے کہ اس سال سے شروع ہونے والااسپلٹ دو+دوچارسالہ بی ایس چائینزپروگرام بھی تیزی سے ترقی کرے گا اور اس میں داخلہ لینے والے طلبہ کی تعداد میں دن دبدن اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود عراقی نے کہا کہ پاکستان اورچین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اوراور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے قیام کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر تصویری نمائش کا انعقاد لائق تحسین ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاک چین دوستی کا بڑا انحصار خطے کی صورتحال اور سیاسی پوزیشن پر ہے،یہ تعلقات دونوں ممالک کی معاشی ضروریات پر مبنی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ عالمگیریت کے کلچر کے فروغ سے دنیا کے تمام ممالک کو فائدہ مل رہا ہے۔ اس سے دنیا کے تمام لوگ جڑ رہے ہیں، زبانیں اور ثقافت مل رہی ہیں۔ دنیا میں امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لئے تمام ممالک میں رابطہ انتہائی اہم ہے۔ مجھے فخر ہے کہ پاکستان کا چین کے ساتھ ایک مثالی رشتہ ہے، چینی قوم نے معاشی میدان میں ناقابل فراموش ترقی کی ہے۔ پاکستان کو معاشی میدان میں ترقی کے لئے چین سے سبق سیکھنا ہوں گے۔ چینی معاشی پالیسیاں ہماری لئے رول ماڈل ہیں۔
بینک آف چائنا کراچی کے سی ای اووانگ جی نے کہا کہ آج سے ستر سال قبل چین اور پاکستان کے بانی رہنماؤں نے ہاتھ ملانے اور مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیاتھا،پاک چین دوستی ایک درخت کی طرح پروان چڑھی ہے اور اس میں دن بدن مضبوطی آرہی ہے اور پاکستان میں لوگ شاعرانہ انداز میں پاک چین دوستی کو ہمالیہ سے اونچی،سمندروں سے گہری،شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط بیان کرتے ہیں۔ پاک چین نے مختلف شعبوں میں باہمی طورپر ایک دوسرے کے ساتھ مفید اور نتیجہ خیز تعاون کئے ہیں اورلوگوں کو کو مزید فوائد پہنچانے کے مقصد کے ساتھ، دونوں ممالک اس وقت پاک چین اقتصادی راہدراری کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔کنفیوشس انسٹی برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے قیام کو آٹھ سال مکمل ہوگئے ہیں اور اس سال سے اسپلٹ دو+دوچارسالہ بی ایس چائینزپروگرام باضابطہ طور پر شروع کیاجارہاہے جو ادارے کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگ میل ہے جس پر میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔
کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے چینی ڈائریکٹرپروفیسر ژانگ ژاؤ پنگ (Professor Zhang Xiaoping) نے کہا کہ 1951 ء سے پاک چین دوستی ریاست سے ریاست کے دوستانہ تعلقات کی ایک عظیم مثال ہے،مذکورہ نمائش آج سے چھ ماہ قبل 21 مئی کو منعقد ہونی تھی لیکن کرونا وائرس کی درپیش صورتحال کے پیش نظر اس نمائش کا انعقاد اب کیاجارہے۔اس سال سے اسپلٹ دو+دوچارسالہ بی ایس چائینزپروگرام شروع کیاجارہاہے جس کے تحت طلبہ پہلے دوسال کی کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جبکہ آخری دوسال کا تدریسی عمل سچوان نارمل یونیورسٹی چین میں مکمل کریں گے۔چین میں دوران تدریس سینٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن اسکالرشپ فراہم کرے گا جس میں ٹیوشن اور رہائش کے اخراجات شامل ہیں۔وہ چین میں اپنی تعلیم کے دوران اسکالرشپ حاصل کریں گے اور دونوں یونیورسٹیوں سے مشترکہ بی ایس کی ڈگری حاصل کریں گے۔ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کا ایک اٹوٹ انگ بن چکا ہے اور مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کا پہلا غیر ملکی ممبر بن گیا ہوں۔
کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جا کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرناصرالدین خان نے کہا کہ 2017 ء میں مذکورہ انسٹی ٹیوٹ نے چھوٹی فیکلٹی اور محدود وسائل کے ساتھ کام شروع کیا۔ لیکن اب 8 سال کے بعد، ہمیں نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں ایک بڑے اور متحرک کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں سے ایک کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ ہمارے پاس بہترین تدریسی طریقہ کار اور بہترین انفراسٹرکچر ہے۔ بہت سی مشہور سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں اور تجارتی ادارے چینی زبان اور چینی ثقافت سکھانے کے لیے کنفیوشس برائے چینی زبان سے وابستہ ہیں۔ تعلیمی سال 2022 ء میں اسپلٹ دو+ دوچارسالہ بی ایس چائینزپروگرام کا آغاز ایک بڑا سنگ میل ہے۔ سال 2022 ء میں ہم بزنس چائنیز میں اپنے 2 سال کے خصوصی اپلائیڈ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا بھی اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ یہ پروگرام اپنی نوعیت کے اعتبار سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں منفرد ہوگا۔ میں بہت پر امید ہوں کہ یہ پروگرام سی پیک منصوبوں اور ہمارے ملک کے ساتھ کاروبار کرنے والے دیگر چینی اداروں کے لیے چینی بولنے والے پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرے گا۔
تقریب کے اختتام پرکنفیو شس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے طلبہ میں قونصلیٹ کی جانب سے اسکالر شپس بھی تقسیم کئے گئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here