شارع فیصل اور ایئر پورٹ کا علاقہ بین الاقوامی مسافروں کی نقل و حمل کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1139

شارع فیصل اور ایئر پورٹ کا علاقہ بین الاقوامی مسافروں کی نقل و حمل کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شارع فیصل اور ایئر پورٹ کا علاقہ بین الاقوامی مسافروں کی نقل و حمل کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، اس اہم ترین شاہراہ کو ہر قسم کی بدنظمی سے پاک، صاف ستھرا اور روشن رکھنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سڑک کے دونوں جانب فٹ پاتھ کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی اور گرین بیلٹ میں موسمی پھول لگانے کی ہدایت کی ہے، شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے کم وقت میں زیادہ کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے شارع فیصل، ڈرگ روڈ، ناتھا خان برج، ایئرپورٹ اور ملحقہ علاقوں کے دورے کے موقع پر کہی، ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہہ الحسن زیدی، ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰحہ سلیم اور دیگر افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ شارع فیصل پر تمام اسٹریٹ لائٹس کو روشن کرنے کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے کام میں تیزی لائی جائے، شارع فیصل اور ملحقہ علاقوں کی سڑکوں پر لگائے گئے ہر قسم کے بینرز، اسٹیمرز، پرچم اور دیگر اشتہاری مواد ہٹایا جائے اور درختوں کی چھٹائی کی جائے، گرین بیلٹس پر موسمی پھول، گیندا اور پٹونیالگائے جائیں تاکہ سڑکوں کے درمیان اور اطراف کی جگہ کو خوبصورت اور رنگا رنگ بنایا جاسکے،انہوں نے کہا کہ 5فروری سے کراچی میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی سطح کے پروگرام میں دنیا کے مختلف ممالک سے لوگ شرکت کے لئے کراچی آرہے ہیں اس لئے یہ ضروری ہے کہ ان کے سامنے شہر کا ایک بہتر امیج پیش کیا جائے، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈرگ روڈ سے لے کر ایئرپورٹ تک شارع فیصل پر 250 اسٹریٹ لائٹس نصب ہیں جن میں سے 200 اسٹریٹ لائٹس کو ٹھیک کردیا گیا ہے اور بقیہ 50 لائٹس دو سے تین دن میں درست کردی جائیں گی،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل ورکس کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹ کے قریب واقع شاہ فیصل قبرستان کے ساتھ موجود شکستہ حال فٹ پاتھ کو پختہ کیا جائے کیونکہ قبرستان آنے والے افراد کو راستے میں کیچڑ اور پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے مشکلات ہوتی ہیں، انہوں نے ناتھا خان برج، ڈرگ روڈ اور دیگر علاقوں کا مکمل سروے کرنے اور جہاں ضرورت ہو سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے بین الاقوامی پروگرامز کی اہمیت کے پیش نظر ہمیں تمام اداروں کے اشتراک سے اور تیزی کے ساتھ کام کرنے ہیں لہٰذا افسران شہر کے وسیع تر مفاد میں اپنی ترجیحات کا تعین کریں اور مختلف کاموں کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کرکے بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں واقع مختلف علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے شروع کئے گئے کاموں میں ایسی جگہوں کو ترجیح دی جائے جہاں لوگوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ہمارا مقصد شہریوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں سہولیات فراہم کرنا ہے،بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے تمام دستیاب وسائل شہر کی بہتری کے لئے ہونے والے کاموں میں استعمال کر رہی ہے اور اس کے لئے مختلف محکموں کے مابین رابطے اور مشاورت سے کام ہو رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here