جامعہ کراچی اور ایس جی ایس کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0
660

جامعہ کراچی اور ایس جی ایس کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی اور ایس جی ایس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ نے اکیڈیمیاء اور انڈسٹریز کے مابین خلیج کو پُر کرنے کے لئے پیر کے روز مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ایس جی ایس کے ہیڈ آفس میں منعقد کی گئی۔
مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور مینیجنگ ڈائریکٹر ایس جی ایس عبدالرزاق لاکھانی نے دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں ادارے زرعی، معدنیات، ماحولیاتی، تیل، گیس اور کیمیکل کے وسیع میدان میں تحقیق اور ترقی کے لیے تعاون کو فروغ دینے اور کیمیکل کے استعمال سے ہونے والے خطرات کو کم کرنے کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
علاوہ ازیں جامعہ کراچی اور ایس جی ایس مشترکہ سیمینارز اور نمائشیں، تحقیقی کام، توانائی کے تحفظ اورتعلیمی تربیت کے انعقاد کے ساتھ ساتھ لیب کی سہولیات اور آلات پر عبور حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ایس جی ایس جامعہ کراچی کے طلبہ کو انٹرن شپ کی فراہمی کے ساتھ تکنیکی تربیت بھی فراہم کرے گی۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ایس جی ایس عبدالرزاق لاکھانی نے وفد کو بتایا کہ مذکورہ معاہدے کا مقصد پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور ایک دوسرے کے باہمی مفادات کے لیے کثیر الشعبہ تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں اداروں کے وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے منصوبوں کی تحقیق اور ترقی میں مددگارثابت ہوگا۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ایس جی ایس انتظامیہ کو بتایا کہ حال ہی میں یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے صنعتوں اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لیے محکمانہ سطح پر اکیڈیمیاء اور انڈسٹریز ایڈوائزری بورڈ کے قیام کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ فیکلٹی ممبران اور متعلقہ انڈسٹریز سے پانچ ممبران بورڈ کا حصہ ہوں گے کیونکہ جامعہ کراچی عصر حاضر کے جدید تقاضوں اور صنعتوں کی ضروریات کے مطابق نصاب میں تبدیلیاں کرنے پر کام کررہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here