محکمہ بلدیات سندھ کمپلین سیل چوبیس گھنٹے فعال و متحرک ہے، روشن علی شیخ

0
1641

محکمہ بلدیات سندھ کمپلین سیل چوبیس گھنٹے فعال و متحرک ہے، روشن علی شیخ

کراچی (7 اپریل 2020) سیکر ٹری لوکل گورنمنٹ حکومت سندھ روشن علی شیخ نے محکمہ بلدیات کے زیر اہتمام کام کرنے والے کمپلین سیل کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلدیات سندھ نے عوام کی مدد اور رہنمائی کے لئے قائم کردہ چوبیس گھنٹے فعال رہنے والے کمپلین سیل کا دورہ کیا اور کمپلین سیل میں ڈیوٹی پر موجود افسران سے ملاقات کی، ڈیوٹی روسٹر چیک کیا اور عوامی شکایتوں کے ردعمل میں کی جانے والی کاروائی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بتایا گیا کہ کمپلین سیل میں شفٹوں کے حساب سے ہفتہ کے ساتوں دن اسٹاف موجود ہوتا ہے جو کہ تمام اضلاع سے موصول ہونے والے شکایات پر فوری ایکشن لیتا ہے اور بعد ازاں شکایت کنندہ سے شکایت کے حل کے حوالے اس کی رائے بھی معلوم کرتا ہے۔ روشن علی شیخ نے کمپلین سیل میں موجود افسران سے گفتگو میں کہا کہ وزیر بلدیات سندھ کی ہدایت کے مطابق کمپلین سیل کی افادیت کے ثمرات صوبے کے تمام اضلاع اور یونین کونسلوں میں یکساں طور پر پہنچنے چاہیں اور کسی بھی شکایت کنندہ کی شکایت پر فوری ردعمل ہی کمپلین سیل کی اصل کامیابی و مقصد ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے مطابق اپنی طرز کا واحد، چوبیس گھنٹے فعال رہنے والا کمپلین سیل، اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کے تحت قائم کیا گیا ہے، جہاں پر ریکارڈ ہونے والی شکایات کا مکمل ڈیٹا بیس، تاریخ اور شکایت کی نوعیت کے ساتھ محفوظ کرلیا جاتا ہے۔ روشن علی شیخ نے بتایا کہ شہریوں کی بڑی تعداد کا محکمہ بلدیات سندھ کے کمپلین سیل سے رجوع کرنا اس بات کی روشن دلیل ہے کہ حکومت سندھ کے تمام فیصلے اور اقدامات کا براہ راست فائدہ صوبے کی عوام کو منتقل ہورہا ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے روزانہ کی بنیاد پر کمپلین سیل کی کاردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی شکایات کے حل لئے تمام تر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور کسی بھی لاپرواہی اور کوتاہی کی صورت میں سخت ترین محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔روشن علی شیخ نے بطور خاص ہدایت دی کہ تمام اسٹاف دوران ڈیوٹی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ماسک، گلوز، اور سینٹائزرکا استعمال کرے جو کہ وافر مقدار میں فراہم کیا جاچکا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here