ایک امیدوار کی صدارت میں سالانہ اجلاس عام کا انعقاد مضحکہ خیز ہے، دی آرٹس فورم

0
1202

ایک امیدوار کی صدارت میں سالانہ اجلاس عام کا انعقاد مضحکہ خیز ہے، دی آرٹس فورم
آرٹس کونسل کی متنازعہ انتظامیہ کا اخلاقی دیوالیہ پن عیاں ہوگیا،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی عدم شرکت احسن اقدام ہے،نجم الدین شیخ، مبشرمیر
آرٹس فورم کے بیانیہ کی تصدیق ہوگئی،ممبران جھوٹ اور جعلسازی کے وائرس کا خاتمہ کریں،امیدوار برائے صدر، سیکرٹری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)دی آرٹس فورم پینل نے گورننگ باڈی کے ایک رکن کی جانب سے آرٹس کونسل کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس کی صدارت کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل برسراقتدار گروپ کی بدترین سیاسی بداخلاقی کا ثبوت ہے۔ کمشنر و چیف الیکشن کمشنر کی اجلاس میں عدم شرکت موجودہ انتظامیہ پر عدم اعتماد کا مظہر ہے۔ہمارے اعتراضات کی وجہ سے کمشنر کراچی نے اجلاس میں شرکت نہ کرکے دانشمندی کاثبوت دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار دی آرٹس فورم کے امیدوار برائے صدر نجم الدین شیخ اور سیکرٹری مبشر میر نے اپنے اعلامیہ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی کا گزشتہ روز ہونے والا جنرل باڈی اجلاس ایک مذاق کے مترادف تھا۔ کمشنر کراچی اور الیکشن کمشنر ڈی سی ساٶتھ نے اجلاس میں شرکت نہ کرکے دی آرٹس فورم کے بیانیہ کی تائید کردی ہے کہ موجودہ آرٹس کونسل کی انتظامیہ متنازعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر مضحکہ خیز ہے کہ الیکشن میں حصہ لینے والا ایک امیدوار سالانہ اجلاس عام کی صدارت کررہا تھا۔ یہ عمل جمہوری اقدار کے صریحاؐ خلاف ہے اور موجودہ انتظامیہ کے اخلاقی دیوالیہ پن کا مظہر ہے۔نجم الدین شیخ اور مبشر میر نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کے غیر آئینی اقدامات جن میں خفیہ ممبر سازی اور آڈٹ نہ کرانا شامل ہے کے تناظر میں کمشنر کراچی نے اجلاس میں شرکت نہ کرکے احسن فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ نئے کمشنر کراچی آرٹس کونسل کے معاملات کو سنجیدگی کے ساتھ لیں گے اور دی آرٹس فورم کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے عدالت عالیہ سندھ سے بھی رجوع کیا ہوا ہے اور17 دسمبر کو ہونے والی سماعت کے بعد جو بھی فیصلہ آیا اس کی روشنی میں آرٹس کونسل کی بہتری کے لیے کام کیا جائے گا۔ نجم الدین شیخ اور مبشر میر نے آرٹس کونسل کے تمام ممبران سے اپیل کی کہ وہ ملک خصوصاؐ کراچی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے آرٹس کونسل کراچی کے الیکشن میں تبدیلی کے لیے دی آرٹس فورم کے امیدواروں کو ووٹ دیں تاکہ علم و ادب کے اس گہوارے سے جھوٹ اور جعلسازی کے وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here