جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر مرحوم پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان کا بین الاقوامی اعزاز

0
1336

جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر مرحوم پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان کا بین الاقوامی اعزاز
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) انوائرمینٹل اینڈ ایکسپیریمینٹل بوٹنی جو کہ ایک نامور پبلشر ایلسوئیر کے زیر اہتمام چھپنے والا جرنل ہے اور نباتیاتی سائنس کے بہترین جرنلز میں شامل ہے، نے ایک مخصوص شمارہ بنام ”ہیلوفائٹ میں ہونے والی جدید تحقیق: بنیادی سے اطلاقی پہلوؤں تک” پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان (1952-2019) کے نام کیا ہے جو پودوں کی نمکیاتی مزاحمت کے بین الاقومی ماہر تھے۔ سائنسی دنیا ڈاکٹر خان کو ان کے اس منفرد اور اثر انگیز کردار کے لیے یاد رکھے گی جو انھوں نے نباتیات کی نمکیاتی مزاحمت بالخصوص ہیلو فائٹس میں جانچ کے لیے ادا کیا۔
انھوں نے 44 سال تدریس و تحقیق کے لیے وقف کیے۔ ان کے بے شمار مقالوں میں ہیلو فائٹس کی نمکیاتی دباؤ اور دوسرے موحولیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر نمو پر تحقیق کی گئی ہے۔ انھوں نے ہیلو فائٹس کی نمکیات کی موجودگی میں نشوونما اور اس سے متعلق کئی اہم پہلوؤں کو اپنی تحقیق کے زریعے اجاگر کیا ہے۔
ان پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلو فائٹس کی اطلاقی اہمیت اور متوازی استعمال ایندھن اور ادویات کی حیثیت میں، ڈاکٹر اجمل خان کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل تھا۔
ان کی خدمات اس ضمن میں ناقابل فراموش ہیں۔ نباتیات کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر حکومت پاکستان انھیں پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے بھی نواز چکی ہے۔ جرنل کا یہ مخصوص شمارہ جسے ڈاکٹر اجمل کے نام کیا گیا ہے ہیلو فائٹس کی افادیت اور اس پر ہونے والی تحقیق پر مشتمل ہو گا جس کے لیے مقالات جمع کرانے کی تاریخ دسمبر 2020 ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here