آبادی کے اعتبار سے خواتین پاکستان کا نصف سے زائد ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا اہم کردار ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1386

آبادی کے اعتبار سے خواتین پاکستان کا نصف سے زائد ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا اہم کردار ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی
کراچی ( طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ آبادی کے اعتبار سے خواتین پاکستان کا نصف سے زائد ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا اہم کردار ہے، صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں اور ان کی کارکردگی کا گراف مسلسل عروج پر ہے جس سے امید کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں خواتین کو مزید بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجس کی سربراہی چیف ایگزیکٹو ویمن چیمبر حنا منصب خان کررہی تھیں جبکہ وفد میں نائب صدر بسمیٰ بدر اور شہناز رمزی سمیت دیگر اراکین شامل تھیں،اس موقع پر وفد نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ویمن چیمبرآف کامرس کی کارکردگی اور پروگراموں کے حوالے سے آگاہ کیا، چیف ایگزیکٹو ویمن چیمبر حنا منصب خان نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے 16 چیمبرز آف کامرس سے کاروبار ی شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین مستفید ہورہی ہیں،خواتین کو اس سلسلے میں جو مسائل پیش آتے ہیں ویمن چیمبرز انہیں حل کرنے کی کوشش کرتی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ خواتین کا کاروباری شعبے میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ملک کے لئے فائدہ مند ہے خصوصاً فیشن انڈسٹری، ڈیزائننگ اور لیدر انڈسٹری میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہیں اور ان کی کاوشوں سے دیگر ممالک کو برآمدات میں اضافے کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی خواتین کو ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع دستیاب ہیں، کراچی میں کاروبار کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک کے تاجر اور صنعت کار کراچی میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہینڈ کرافٹ کو ترقی کی جائے اور گھریلو صنعت سے وابستہ خواتین کی ترجیحی بنیادوں پر حوصلہ افزائی کی جائے کیونکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد گھریلو صنعت سے وابستہ ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے، انہوں نے کہا کہ تجارت اور کاروبار کے شعبے میں خواتین کی آمد اچھی نوید ہے کیونکہ خواتین بہتر ایڈمنسٹریٹر اور بزنس منیجر بن سکتی ہیں اور کسی بھی ادارے میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، کراچی ملکی معیشت میں اہم حیثیت رکھتا ہے اور ملک کی بیشتر درآمدات اور برآمدات کراچی پورٹ کے ذریعے ہوتی ہیں،یہاں تمام بڑے بینکس اور مالیاتی اداروں کے دفاتر موجود ہیں اور کراچی کی ترقی اور اسے ملک کا اکنامک حب بنانے میں خواتین کا بہت بڑا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے اور وہی اقوام ترقی کر رہی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں دوسروں سے آگے ہیں، صنعت و تجارت کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت ہے اور یہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارے ہاں جن انڈسٹریز کو خواتین چلا رہی ہیں وہاں ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی انہیں ہرممکن بلدیاتی سہولیات فراہم کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here