تحقیق کسی بھی ادارے کے علمی تشخص کا امتیاز ہوتا ہے جس کے لئے ساز گار تعلیمی ماحول ناگزیر ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
1350

تحقیق کسی بھی ادارے کے علمی تشخص کا امتیاز ہوتا ہے جس کے لئے ساز گار تعلیمی ماحول ناگزیر ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جن معاشروں اور درسگاہوں میں تحقیق کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی وہ نہ تو ایجاد واختراع کرسکتے ہیں اور نہ ہی ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔تحقیق کسی بھی ادارے کے علمی تشخص کا امتیاز ہوتا ہے جس کے لئے ساز گار تعلیمی ماحول ناگزیر ہے۔موجودہ دور میں سماجی علوم کی افادیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔سماجی علوم پر تحقیق ہماری سماجی،معاشرتی اور اقتصادی مسائل سمیت عوامی مشکلات کا حل بھی پیش کرسکتی ہے،جس کے لئے تحقیقی رجحان میں اضافہ ہونا چاہیئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کے فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تمام روئسائے کلیہ جات اور مختلف شعبہ جات کے صدور بھی موجودتھے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے کلیہ فنون وسماجی علوم کے تین ریسرچ جرنلز کی Y کیٹیگری میں شمولیت پر رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ اور فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ریسرچ جرنلزکی اعلیٰ کیٹیگری میں شمولیت جامعات میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں کا منہ بولتا ثبوت ہوتی ہیں،جس کی وجہ سے آپ کی تحقیق کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔
جامعہ کراچی میں اعلیٰ اور معیاری تحقیق ہونے کے باوجود ہمارے ریسرچرز کچھ تکنیکی وجوہات کی بناء پر اپنی ریسرچ کو اس طریقے سے پیش نہیں کرپاتے جس طرح سے ان کو پیش کرنا چاہیئے جس کی وجہ سے بین الاقوامی منظرنامے پر ان کاکام کم نظر آتاہے،تاہم اب انتظامیہ اساتذہ کے ساتھ ملکر اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے سنجید ہ اقدامات کررہی ہے اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد اس کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔
رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے تینوں ریسرچ جرنلز کے حوالے سے شرکا ء کو بتایا کہ مذکورہ جرنلز کے انڈیکس فیکٹر کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے پوری کوشش کی گئی ہے اور شیخ الجامعہ کی سرپرستی اور ہدایت پر تکنیکی معاونت کے حصول میں کامیابی کے باعث مذکورہ جرنلز کی کٹیگری میں بہتری آئی ہے۔سماجی علوم میں تحقیق با معنی ہونی چاہئے جو انسانی سماجی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکیں،سماجی علوم معاشرے میں مختلف اظہار رائے کو پیش کرنے کا کردار ادا کرتے ہیں جس سے معاشرے کی ترقی ممکن ہوتی ہے۔
اس موقع پر شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال نے کہا کہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے وائس چانسلر کا منصب سنبھالنے کے بعد انہوں نے جامعہ کراچی کے ریسرچ کی بہتر کیٹیگری میں اشاعت کوناگزیر قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ اس حوالے سے جو بھی مسائل درپیش ہیں انہیں جلد ازجلد حل کیا جائے اورشیخ الجامعہ کی سرپرستی اور تعاون کی بدولت آج کلیہ فنون وسماجی علوم کے تین ریسرچ جرنلز کی Y کیٹیگری میں شمولیت ممکن ہوئی ہے اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں یہ جرنلز مزید بہتر کیٹیگریز میں شامل ہوں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here