شعبہ جغرافیہ کے زیر اہتمام اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے اشتراک سے روڈسیفٹی آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد

0
552

شعبہ جغرافیہ کے زیر اہتمام اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے اشتراک سے روڈسیفٹی آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر میں سب سے زیادہ روڈ حادثات رونماہونے والے شہروں کی فہرست میں کراچی کاچوتھا نمبر ہے.۔ڈاکٹر سلمان زبیر
شعبہ جغرافیہ جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسرونیشنل ہائی وے اینڈ موٹرے وے پولیس کے روڈ ایمبسڈرڈاکٹر سلمان زبیرنے کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً3700 افرادروزانہ روڈحادثات کی وجہ سے موت کا شکار ہوجاتے ہیں،ایشیاء میں سب سے زیادہ روڈحادثات والے ممالک میں پاکستان پہلے جبکہ دنیا بھر میں 48 ویں نمبر پر ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔دنیا بھر میں سب سے زیادہ روڈ حادثات رونماہونے والے شہروں کی فہرست میں کراچی کاچوتھا نمبر ہے جو قابل توجہ اور خطرناک صورتحال ہے۔دنیا بھر میں اموات کی تیسری بڑی وجہ روڈ حادثات ہیں۔ایک سال میں صرف شہر کراچی میں روڈ حادثات کی وجہ سے 47.8 ارب روپے خرچ ہوجاتے ہیں جس سے نہ صرف انسانی زندگیاں ضائع ہورہی ہیں بلکہ معیشت بھی کمزورہورہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ جغرافیہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے اشتراک سے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے قبل سلورجوبلی گیٹ جامعہ کراچی تا فیکلٹی آف آرٹس جامعہ کراچی روڈ سیفٹی آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ کراچی کے اساتذہ،طلبہ اورنیشنل ہائی وے اینڈموٹروے پولیس افسران اور ٹریفک پولیس اور ان کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر افضا ل احمد نے کہا کہ شہرکراچی میں روڈ حادثات کی ایک بڑی وجہ روڈ ز پر اسپیڈ کے تعین کا نہ ہوناہے۔شہر کراچی کی شہری آبادی میں کہیں پر اسپیڈ کا تعین نہیں جن ممالک میں اسپیڈ کا تعین ہوتاہے وہاں پر روڈ حادثات کم ہوتے ہیں۔انہوں نے سوئیڈن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پر روڈ حادثات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ وہاں پر شہری آبادی میں 40 سے اوپر کی اسپیڈ میں گاڑی نہیں چلائی جاسکتی اور وہاں کے شہری بھی اس پر عملدرآمد کویقینی بناتے ہیں جس کی وجہ سے روڈحادثات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اس موقع پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے سینئر پیٹرول آفیسرعمر تفضل نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی صورت میں ہم اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیوں کی بھی حفاظت کرسکتے ہیں۔انہوں نے اپنی پریزنٹیشن میں شہر کے مختلف حصوں میں ہونے والے روڈ حادثات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور ان حادثات سے بچنے کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ حادثات کی روک تھام کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار اداکرنے اور اس حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here