وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سینٹرل میں مختلف سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز کا دورہ کیا

0
1492

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سینٹرل میں مختلف سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں محکمہ تعلیم کے دو افسران کو ہدایات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر وضاحت کے نوٹس جاری کردیئے، جبکہ سینٹ جوزف کالج سمیت مختلف سرکاری و نجی اسکولوں میں سماجی فاصلہ ایس او پیز کے مطابق نہ ہونے پر متعلقہ پرنسپل کو فوری طور پر ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی نے جمعرات کے روز کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سینٹرل کے مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا اور وہاں ایس او پیز اور تدریسی نظام کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے دوران سینٹ جوزف کالج برائے طالبات، سینٹ جوزف اسکول برائے طالبات، اسمارٹ اسکول، ایجوکیٹر اسکول، ماما بے بی کئیر اسکول، میرٹ اینڈ میرٹ اسکول، ایپیکس ہاؤس، فاؤنڈیشن ہیڈ اسکول، سینٹ لارینس کالج برائے خواتین، اسلامیہ کالج برائے طلبہ سمیت مختلف دیگر سرکاری و نجی اسکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کو دوران کلاس ماسک پہنے رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی۔صوبائی وزیر نے مختلف نجی اسکولز میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے اور طلبہ و طالبات کو مکمل ایس او پیز کے تحت ادارے میں آنے کی بھی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں میں بچوں کی رجسٹریشن زیادہ ہیں وہ تعلیمی ادارے بچوں کو شفٹوں میں یا متبادل دنوں میں بلائیں۔سعید غنی نے کہا کہ ہر کلاس میں طلبہ و طالبات کے درمیان کم از کم 3 فٹ کا لازمی فاصلہ یقینی بنایا جائے اور جو تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم دے رہے ہیں وہ اس کو مزید فروغ دیں۔ صوبائی وزیرسعید غنی نے کہا کہ28 ستمبر سے دوسرے اور تیسرے فیز کے تحت آنے والے طلبہ و طالبات کے لیے مکمل ایس او پیز کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سینٹرل کے محکمہ تعلیم کے ایک ایک آفیسر کو محکمہ کی جانب سے دی گئی ذمہ داری پوری نہ کرنے پر وضاحت طلب کرنے کے نوٹس بھی جاری کئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here