جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں ٹیکنالوجی ایکسلیریٹر کا قیام

0
941

جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں ٹیکنالوجی ایکسلیریٹر کا قیام
درپیش مسائل اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی اور آئی آرنیکسٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقدہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی اور آئی آرنیکسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد محمود نے دستخط کئے۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون، چیئر مین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر ندیم محمود،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی اور آئی آرنیکسٹ کے سی ای او شارق ہاشمی بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق آئی آرنیکسٹ جامعہ کراچی کے طلبہ کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجی پرعبورحاصل کرنے کے لئے تربیت فراہم کرے گا۔مفاہمتی یادداشت کا ایک مقصد صنعتوں اورجامعات کے مابین اشتراک قائم کرنا بھی ہے۔
آئی آرنیکسٹ جامعہ کراچی کے طلبہ کے لئے ایسے بین الاقوامی پروجیکٹس لائے گا جس سے طلبہ کو دوران تدریس تربیت اور عملی طوپر کام کرنے کے تجربے کے ساتھ ساتھ مالی معاونت کے ذرائع بھی میسر آسکیں گے۔اس معاہدے کے نتیجے میں جامعہ کراچی ملک کی مختلف ٹیکنالوجی پالیسیز پر مبنی اپنی رائے رپورٹس کی شکل میں شائع کرسکے گا۔ملک میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے جو خلا موجود ہے اس کو پر کرنے میں یہ معاہدہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔صنعتوں 4.0 اور 5.0 کے حوالے سے ٹریننگ اور ورکشاپس کے بھی تواترکے ساتھ انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ان تمام مقاصدکو حتمی شکل دینے کے لئے جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں ٹیکنالوجی ایکسلیریٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی نے کہا کہ ترقی پذیر سے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہونے اوردرپیش مسائل اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ناگزیر ہے۔اگر ہمیں دنیا کی برابری کرنی ہے تو ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔پرائیوٹ سیکٹرز اور جامعات کا مل کرکام کرنا خوش آئند اور لائق تحسین ہے اور اس سلسلے کو مزید فروغ دینے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر ز کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے جس سے طلبہ کی فنی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here