شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کیلئے فلاحی اداروں سے تعاون حاصل کررہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
973

شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کیلئے فلاحی اداروں سے تعاون حاصل کررہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:( اسٹاف رپورٹرطلعت محمود ) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہاہے کہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کیلئے فلاحی اداروں سے تعاون حاصل کررہے ہیں، سول سوسائٹی فعال کردار ادا کرے تو شہر تیزی سے ترقی کرے گا اور لوگوں کو سہولیات ملیں گی، یہ بات انہوں نے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، جس نے ڈائریکٹر شکیل دہلوی کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور شہر میں فلاحی سرگرمیوں کے متعلق تبادلہ خیال کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے وفد کو بتایا کہ شہری مسائل کے حل کے لئے مختلف علاقوں میں انفرا سٹرکچر بحالی کے کاموں کو ترجیحی طور پر انجام دیا جارہا ہے سڑکوں کی استر کاری اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کرکے ایسا سسٹم بنا رہے ہیں جس میں شہریوں کی مشکلات کم سے کم کی جاسکیں، انہوں نے کہا کہ فلاحی ادارے جس جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں اسی جذبے کی شہر کو بہتر بنانے کے لئے ضرورت ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر ضلعی بلدیات اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن کام کررہی ہیں مگر صورتحال میں نمایاں تبدیلی اسی وقت آئے گی جب سرکاری اور نجی ادارے مل کر کام کریں گے انہوں نے کہا کہ امن و امان قائم ہونے کے بعد سب سے بڑا مسئلہ شہر کی ترقی ہے اور ایسی ترقی جس سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات میسر آئیں، اس موقع پر عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر شکیل دہلوی نے بتایا کہ عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ ہر سال 25 ہزار بچوں کو حصول تعلیم کے لئے اسکالر شپ دیتا ہے، ادارے کے تحت شہر میں تین میڈیکل ڈائیگنوسٹک لیبارٹریز کام کررہی ہیں جہاں انتہائی ارزاں نرخوں پر مریضوں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں اور ضرورت کے مطابق ا ن مریضوں کو 20 سے زائد بڑے اسپتالوں میں مزید علاج کے لئے بھیجا جاتا ہے جس کے تمام اخراجات عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ برداشت کرتا ہے، انہوں نے بتایا کہ عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ ایک فلاحی ادارہ ہے اور اس میں تمام لوگ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے کام کرتے ہیں، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے مختلف شعبہ جات ہیں جن میں تین نمایاں شعبوں میں صحت، تعلیم اور یتیم بچیوں کی شادی کے انتظامات کا شعبہ شامل ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کی فلاحی خدمات کوسراہتے ہوئے کہا کہ اگر نیک نیتی کے ساتھ کا م کیا جائے تو اس شہر میں کامیابی کا وسیع امکان موجود ہے، خوشی کی بات یہ ہے کہ اس وقت سول سوسائٹی سماجی و فلاحی ادارے اور عام شہری بھی یہی چاہتے ہیں کہ انہیں شہر کی ترقی اور بہتری کے عمل میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی ذمہ داریوں میں سے ایسے کاموں میں فلاحی اداروں اور سول سوسائٹی کا تعاون چاہتی ہے جن سے نچلی سطح پر لوگوں کو فوائد حاصل ہوں، اسی وجہ سے ہم نے قبرستانوں کے انتظام، پانی کی فراہمی کے لئے آر او پلانٹس کی تنصیب، جراثیم کش اسپرے، پارکس اور کھیل کے میدانوں کو بہتر بنانے سمیت بنیادی شعبوں میں سول سوسائٹی اور فلاحی اداروں کو شامل کیا ہے جس کے بہترین نتائج برآمد ہونگے اور مستقبل قریب میں شہر ایک بہتر حالت میں ہمارے سامنے ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here