کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر کراچی کے پارکس کی حفاظت اور نگرانی کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی ”باغبان“ کی تشکیل کا سلسلہ جاری ہے

0
1349

کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر کراچی کے پارکس کی حفاظت اور نگرانی کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی ”باغبان“ کی تشکیل کا سلسلہ جاری ہے
کراچی:( اسٹاف رپورٹرطلعت محمود) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر کراچی کے پارکس کی حفاظت اور نگرانی کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی ”باغبان“ کی تشکیل کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں آغا خان پارک کے لئے باغبان کمیٹی تشکیل دی گئی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر بلدیہ عظمیٰ کراچی طحہٰ سلیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں تشکیل دی جانے والی یہ نویں باغبان کمیٹی ہے جس کا مقصد شہر کے پارکس کو بہتر اور سرسبز و شاداب بنانا اور ان کی حفاظت ہے انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کی شمولیت سے پارکوں کی نگہداشت اور تفریحی سہولیات کو بڑھانے میں بہت مدد ملی ہے اور یہ تجربہ انتہائی کامیاب ثابت ہوا ہے جس کا ثبوت نارتھ ناظم آباد، ہل پارک اور سرسید پارک سمیت دیگر پارکوں کے لئے بنائی جانے والی باغبان کمیٹیاں ہیں، عوام کی سہولت اور بچوں کی تفریح کے لئے ان پارکس میں فراہم کی گئیں سہولیات نہ صرف برقرار رہیں گی بلکہ ان میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتری بھی آئے گی،ڈائریکٹر جنرل پارکس نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف پارکس اور پلے گراؤنڈز بنائے گئے تھے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت اور دیکھ بھال ٹھیک طرح سے نہ ہوسکی اور یہ پارکس اپنی افادیت کھوتے چلے گئے لہٰذا یہ ضروری تھا کہ ان عوامی سہولیات کو بہتر بنایا جائے جس کے لئے لوکل کمیٹی ”باغبان“ کا تصور متعارف کرایا گیا جس کے مستقبل میں بہترین نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ کوئی بھی یہ نہیں چاہے گا کہ اس کے محلے یا علاقے میں قائم پارک خراب ہو یا وہاں کوئی غیرتفریحی سرگرمی جاری ہو، ڈائریکٹر جنرل پارکس نے کہا کہ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی یہ چاہتے ہیں کہ کراچی میں پبلک سہولیات خوب سے خوب تر ہوں اور نہ صرف موجودہ پارکس اور پلے گراؤنڈز کو بہتر بنایا جائے بلکہ نئے پارکس بھی قائم ہوں اور شہر میں جہاں بھی ممکن ہوسبزہ اور شجرکاری کی جائے تاکہ فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹا جاسکے اور کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرح خوبصورت اور سرسبز بنایا جاسکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here