محمود آباد منظور کالونی نالے اور اطراف سے تجاوزات ہٹائے جانے کا عمل جمعرات کو چوتھے روز بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہا

0
1225

محمود آباد منظور کالونی نالے اور اطراف سے تجاوزات ہٹائے جانے کا عمل جمعرات کو چوتھے روز بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہا
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) محمود آباد منظور کالونی نالے اور اطراف سے تجاوزات ہٹائے جانے کا عمل جمعرات کو چوتھے روز بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہا، اس دوران نالے کے آغاز سے کورنگی پل تک ہلکی نوعیت کے تجاوزات کو ہٹانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ نالے کے دونوں جانب راستوں کو بھاری مشینری کے ذریعہ ہموار کیا جارہا ہے تاکہ گاڑیوں اور مشینوں کو آگے تک لے جانے کے لئے راستہ مل سکے بعدازاں دورانِ سروے پہلے سے نشان زدہ 238 پختہ مکانوں اور دکانوں کو جو غیرقانوی طور پر نالے اور اس کے اطراف تعمیر کی گئی تھیں مسمار کیا جائے گا، جمعرات کو بھی میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے اپنی نگرانی میں مذکورہ مقام پر ہونے والی کارروائی کا از خود معائنہ کیا اور ہونے والے تمام کاموں کی نگرانی سمیت افسران کو ضروری ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹائے جانے کے اس عمل میں وہاں کے مقامی لوگوں کا تعاون حاصل رہا ہے لہٰذا اس کام کو بغیر کسی مشکل کے انجام دیا جارہا ہے، عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے، محمود آباد منظور کالونی نالے کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں سمیت ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے مکانات اور دکانیں تجاوزات کی زد میں آرہی ہیں اور جن پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے نشانات بھی لگا دیئے گئے ہیں ان کے مالکان ان تجاوزات کو از خود ہٹانا شروع کردیں تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اپنے کام کو انجام دے سکیں، اس مد میں وہاں کے لوگوں کو پہلے ہی آگاہ کیا جاچکا ہے، انہوں نے کہا کہ نالے کے اطراف بڑے بڑے تھیلوں اور بوروں میں کچرا چننے والے افراد نے کچرا جمع کرکے رکھا ہوا تھا جس کے باعث نالے کے اطراف جو تھوڑے بہت کچے اور نا ہموار راستے گزرنے کے لئے رہ گئے تھے وہ بھی بند ہورہے تھے جبکہ کچرا چننے والے صرف ان چیزوں کو جمع کرکے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں جنہیں بیچ کر انہیں کچھ رقم مل جاتی ہے جبکہ باقی ماندہ کچرا جو ان کے کسی کام کا نہیں ہوتا وہ واپس وہیں پھینک دیتے ہیں جو ہوا کے ساتھ نالے میں پہنچ جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ محمود آباد نالے سے تجاوزات ہٹائے جانے کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد نالے کے ساتھ دائیں اور بائیں دونوں جانب 12 فٹ کے روڈ سمیت 3 فٹ کی فٹ پاتھ بھی بنائی جائے گی اس طرح نالے کے دونوں جانب 15-15 فٹ کی جگہ گزرنے کے لئے دستیاب ہوگی جبکہ نالہ 20فٹ کی چوڑائی کے ساتھ پانی کے بہاؤ کو جاری رکھے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here