فریئر ہال میں سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری کے لئے قائم کئے گئے سی ایس ایس کارنر کا شہریوں نے زبردست خیر مقدم کیا ہے،افتخار علی شالوانی

0
1256

فریئر ہال میں سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری کے لئے قائم کئے گئے سی ایس ایس کارنر کا شہریوں نے زبردست خیر مقدم کیا ہے،افتخار علی شالوانی
کراچی (اسٹاف رپورٹرطلعت محمود ) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کی نگرانی میں فریئر ہال میں سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری کے لئے قائم کئے گئے سی ایس ایس کارنر کا شہریوں نے زبردست خیر مقدم کیا ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد میں کلاسز کے لئے کے ایم سی سے رجوع کیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے والدین کی خواہش پر المرکز اسلامی عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا میں دوسرا سی ایس ایس کارنر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، بفرزون اور ملحقہ آبادیوں کے نوجوان طلبہ و طالبات داخلہ لے سکیں گے اور انہیں سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری کے سلسلے میں سینئر بیوروکریٹس، پروفیسرز، ریٹائرڈ اعلیٰ افسران، سیکریٹریز اور انتظامیہ سے وابستہ اعلیٰ شخصیات اپنے مشاہدات اور تجربات کی روشنی میں طلبہ کو تعلیم دیں گے اور کاؤنسلنگ کریں گے، اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشاد سودھر نے فریئر ہال میں طلبہ کی کاؤنسلنگ کی اور طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ ملازمت اختیار کرنے کے لئے سی ایس ایس کے امتحان پاس کرنا ضروری ہے اور آپ کی محنت، توجہ، لگن اور جذبہ ہی آپ کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی کامیابی کے حصول کے لئے سخت محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے اور مستقل مزاجی کے ساتھ وسیع مطالعہ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ امتحانات کی تیاری کے لئے سی ایس ایس کے کورس پر فوکس کریں اور غیر ضروری مطالعے سے پرہیز کریں، انہوں نے کہا کہ آنے والے کل میں ملک کی باگ دوڑ آپ کے ہاتھوں میں ہوگی اس لئے آج کے نوجوانوں کو بھر پور تیاری کرنی چاہئے اور اپنے آپ کو مستعد اور چاک و چوبند رکھیں اور اپنے ہدف کے حصول کے لئے سرتوڑ کوشش کریں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں اپنی نوعیت کا پہلا کامیاب تجربہ ہے اور کے ایم سی نے طلبہ و طالبات کو کتابوں سمیت ہر قسم کی سہولیات مفت فراہم کی ہیں، ڈپٹی کمشنر ارشاد سودھر نے اس موقع پر طلباء کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here