کراچی پاکستان کا اکنامک حب اور تجارتی شہر ہے اس کی ترقی اور اس شہر کو لیبرل سٹی بنانے کا سہرا خواتین کے سر ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1127

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ طلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا اکنامک حب اور تجارتی شہر ہے اس کی ترقی اور اس شہر کو لیبرل سٹی بنانے کا سہرا خواتین کے سر ہے، معاشی سرگرمیوں اور تجارت میں خواتین کی شمولیت اور فعال کردار خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں، مہنگائی کے اس دور میں صرف مرد پر تمام معاشی بوجھ ڈال دینے سے ان کی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہے، یہ بات انہوں نے وومن چیمبر آف کامرس انڈسٹری ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی چوتھی سالانہ میٹنگ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر شہناز وزیر علی، چیف ایگزیکٹو وومن چیمبر حنا منصب خان، نائب صدر بسمٰی بدر، شہناز رمزی، ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہمارے مذہب نے خواتین پر معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد نہیں کی ہے اور نہ ہی انہیں اپنے خاندان کی کفالت کرنے سے روکا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی مجموعی تعداد میں خواتین نصف سے زیادہ ہیں اور اپنی نصف آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم نہ کرنا ناا نصافی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں اور مختلف شعبوں میں اپنے فرائض بحسن خوبی انجام دے رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے تعلیم کے دروازے کھلے ہونے چاہئیں اور انہیں نا خواندہ رکھنا جہالت ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے آنے والی نسل کو تعلیم و تربیت کے لئے خواتین کا با شعور اور تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے، کسی بھی بچے کے لئے ماں کی گود پہلے مدرسہ کی حیثیت رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں کاروبار کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک کے تاجر اور صنعت کار کراچی میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہینڈ کرافٹ کو ترقی کی جائے اور گھریلو صنعت سے وابستہ خواتین کی ترجیحی بنیادوں پر حوصلہ افزائی کی جائے کیونکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد گھریلو صنعت سے وابستہ ہے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو وومن چیمبر حنا منصب خان نے کہا کہ پاکستان میں اب تک وومن کے 16 چیمبرز قائم کئے جاچکے ہیں اور ان سے وہ خواتین مستفید ہورہی ہیں جن کا تعلق بزنس سے ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کو اس سلسلے میں جو مسائل پیش آتے ہیں وومن چیمبرز انہیں حل کرنے کی کوشش کرتی ہے، نائب صدر وومن چیمبر بسمٰی بدر نے کہا کہ جیولری، فیشن اور گارمینٹس کے کاروبار کے مواقع کہیں زیادہ ہیں اس لئے خواتین کو ان شعبوں میں آنا چاہئے،اس موقع پروومن چیمبر ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی نومنتخب عہدیداروں سے چیف ایگزیکٹو وومن چیمبرز حنا منصب خان نے حلف لیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here