میئر کراچی وسیم اختر نے جمعہ کو کراچی میں ہونے والی شدید بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

0
1369

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے جمعہ کو کراچی میں ہونے والی شدید بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور برساتی پانی کی نکاسی کے کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے پی آئی ڈی سی نالے کا دورہ کیا اور شاہین کمپلیکس اور گورنر ہاؤس کے اطراف ڈی واٹرنگ پمپ کے ذریعہ نکاسی کا عمل کا معائنہ کیا،انہوں نے ہدایت کی کہ برساتی پانی کی مکمل نکاسی ہونے تک عملہ یہاں موجود رہے اور تمام تر دستیاب مشینری کو استعمال میں لاتے ہوئے کام کو تیز کیا جائے، میئر کراچی پنجاب کالونی، گذری، کراچی کینٹ، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی گئے، انہوں نے ڈسٹرکٹ میونسپل کاپوریشنز کے چیئرمینز سے بھی رابطہ کیا اور برساتی پانی فوری نکاسی کے ساتھ ساتھ نالوں میں چوکنگ پوائنٹس کھولنے کی ہدایت کی تاکہ اطراف کی آبادیوں کو محفوظ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں پانی کھڑا ہوا ہے خاص طور پر نشیبی جگہوں پر نکاسی آب کے پمپ لگا کر پانی نکالا جائے اور ہر ممکن کوشش کی جائے کہ یہ کام جلد از جلد مکمل ہو، مسلسل بارشوں کے باعث شہر کی صورتحال اس کام میں کسی بھی تاخیر کی متحمل نہیں ہوسکتی، لہٰذا ڈسٹرکٹ میونسپل انتظامیہ اپنی علاقائی حدود میں انڈر پاسز اور چوکنگ پوائنٹس پر مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعہ بارش کے پانی کی نکاسی کو فوری ممکن بنائے، میئر کراچی نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ مون سون کی بارشوں کے دوران کم سے کم گھروں سے باہر نکلیں اور ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی شکایات ضلعی سطح پر قائم کئے گئے ایمرجنسی سینٹر یا سٹیزن کمپلین سینٹر 1339 پر درج کرائیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق کراچی میں اس سال معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی، جس کی وجہ سے نکاسی آب کا عمل قدرے سست ہوسکتا ہے اس لئے شہری صبر اور حوصلے سے کام لیں اور نکاسی آب کے کاموں میں بلدیاتی عملے کے ساتھ تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ نالوں میں موجود چوکنگ پوائنٹس کو فوری طور پر کھولا جانا ضروری ہے کیونکہ کراچی کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے برساتی نالے ہی نکاسی آب کا قدرتی ذریعہ ہیں، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز سابقہ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی حکمت عملی اختیار کریں کہ کسی بھی علاقے میں صورتحال قابو سے باہر نہ ہو اور تمام تر وسائل کو استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے، انہوں نے کے ایم سی کے اسپتالوں میں نافذ کی گئی ایمرجنسی کے دوران ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے اسپتالوں میں ادویات اور دیگر ضروری سامان وافر مقدار میں موجود رہنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ خاص طور پر مخدوش عمارتوں میں رہائش پذیر شہری شدید بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، میئر کراچی نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور آئندہ دنوں میں مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے اس لئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنا ہوگا، تبھی ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here