ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے سائٹ کے علاقے سیمنز چورنگی کے قریب تین منزلہ فیکٹری کی چھت گرنے کے واقعہ کو انتہائی افسوس ناک قراردیا

0
1137

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ طلعت محمود ) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے سائٹ کے علاقے سیمنز چورنگی کے قریب تین منزلہ فیکٹری کی چھت گرنے کے واقعہ کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیکٹری مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ شکر ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دو زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکالا گیا ہے، سرچ اینڈ ریسکیو کے عملے کو تمام تر وسائل استعمال کرکے جلد از جلد اپنا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی پیر کی دوپہر سائٹ ایریا میں فیکٹری کی چھت گرنے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ مقام پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے جائے حادثہ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اربن سرچ اینڈ ریسکیو اور فائربریگیڈ کی ٹیم کے اہلکاروں کو موقع پر ضروری ہدایات دیں اور ریسکیو کے کام کی نگرانی کی اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے لئے کہا، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں موجود مخدوش عمارتیں شہریوں کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہیں لہٰذا ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو ایسی تمام رہائشی اور کمرشل و صنعتی عمارتوں کا سروے کررہی ہیں جنہیں مخدوش قرار دیا جاچکا ہے، بوسیدہ اور مخدوش عمارتوں کو منہدم کیا جائے گا تاکہ اس طرح کے واقعات سے بچا جاسکے اور شہریوں کے جان و مال کو تحفظ ملے، انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر ایسی عمارتوں سے جو مخدوش ہوچکی ہیں اور جنہیں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی خطرناک قرار دے چکی ہے انہیں خالی کرکے محفوظ جگہ منتقل ہوجائیں اور اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کو یقینی بنائیں اس سے پہلے کہ عمارت کے منہدم ہونے کے نتیجے میں ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here