چڑیا گھر میں جانوروں کے پنجروں کو بہتر بنانے،منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت، ایڈمنسٹریٹر

0
1265

چڑیا گھر میں جانوروں کے پنجروں کو بہتر بنانے،منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت، ایڈمنسٹریٹر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے چڑیا گھر میں جانوروں کے پنجروں کو بہتر بنانے،ان کے متعلق معلومات کی فراہمی اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کراچی کی اس اہم ترین تفریح گاہ میں رکھے گئے جانوروں کو مزید سازگاراور قدرتی ماحول دستیاب ہو اور شہریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جاسکیں، یہ ہدایات انہوں نے چڑیا گھر کے دورے کے موقع پر دیں جس کے دوران انہوں نے چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کے جنگلوں اور پنجروں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامیہ کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مغل گارڈن کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ یہ تاریخی اور خوبصورت مقام ہے لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پروگراموں کو یہاں منعقد کیا جائے جس کی ان کی اہمیت بھی بڑھے گی، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر خاص طور پر بچوں کے لئے انتہائی دلچسپی کی جگہ ہے جہاں وہ اپنے والدین کے ہمراہ تفریحی و مطالعاتی دورے پر آتے ہیں اور انہیں جانوروں اور پرندوں کو قریب سے دیکھنے اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے،چڑیا گھر وائلڈ لائف کے متعلق آگاہی بڑھانے اور اس کے ساتھ ساتھ جانوروں کی دیکھ بھال اور ان سے محبت کا جذبہ بیدارکرنے کا ذریعہ ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ جہاں بھی جانوروں کو رکھا گیا ہے وہاں انہیں ہرممکن قدرتی ماحول مہیا کیا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی کے چڑیا گھر کو عالمی سطح پر تسلیم (Recognized) کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور اس حوالے سے جو بھی ضروریات ہیں انہیں پورا کیا جائے، چڑیا گھر میں جن جانوروں کی کمی ہے اسے دور کرنے کے لئے مزید نئے جانور یہاں لائے جائیں گے، اس موقع پر کراچی زو کے ڈائریکٹر خالد ہاشمی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا کہ شہریوں کی بڑی تعداد چڑیا گھر آتی ہے اور ہفتے میں ایک دن (بدھ) خواتین کے لئے مختص ہے، چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کو قدرتی ماحول میں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جانوروں کے جنگلے اس طرح بنائے گئے ہیں کہ شہری بلاخوف و خطرجانوروں اور پرندوں کو دیکھ سکیں اور وائلڈ لائف سے محظوظ ہوسکیں، انہوں نے بتایا کہ تمام پنجروں اور جنگلوں کے باہر جانوروں کے نام اور ان کی نسل اور دیگر تفصیلات درج ہیں جس کے ذریعے تفریح کے ساتھ معلومات بھی فراہم ہوجاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں نیچرل ہسٹری میوزیم بھی جنگلات اور جانوروں کے متعلق جاننے کی بہترین جگہ ہے جہاں بڑی تعداد میں شہری اور خصوصاً طالب علم آتے ہیں، انہوں نے چڑیا گھر کی بہتری کے لئے شروع کئے گئے کاموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ چڑیا گھر ایک وسیع جگہ ہے اور اسے ایک بوٹنیکل گارڈن کی حیثیت بھی حاصل ہے لہٰذا اس اعتبار سے یہاں زیادہ سے زیادہ سبزہ کاری اور شجرکاری کی جائے اور آکشن کے معاملات تیزی سے حل کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کراچی کے شہریوں کو ایک اچھی تفریح گاہ فراہم کرنا ہے جس کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے اور شہریوں کو سہولیات مہیا ہوں گی کیونکہ دنیا بھر میں زولوجیکل گارڈن کو خوب سے خوب تر بنایا جاتا ہے اور جانوروں کی صحت اور ان کی نگہداشت کا خصوصی بندوبست ہوتا ہے ہمیں بھی انہی خطوط پر کام کرنا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here