دونوں جانب تقریباً ساڑھے پانچ کلومیٹر کا رقبہ تجاوزات سے صاف کردیا گیا،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1119

دونوں جانب تقریباً ساڑھے پانچ کلومیٹر کا رقبہ تجاوزات سے صاف کردیا گیا،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) محمود آباد نالے پر قائم تجاوزات کو ہٹائے جانے کا عمل تیسرے روز بھی تسلسل کے سا تھ جاری رہا اور شام تک محمود آباد نالے کے دونوں جانب تقریباً ساڑھے پانچ کلومیٹر کا رقبہ تجاوزات سے صاف کردیا گیا، آئندہ دو دنوں میں منظور کالونی فائر اسٹیشن سے کورنگی پل تک نالے کے دونوں جانب راستوں کو بھاری مشینری کے ذریعہ ہموار کردیا جائے گا، بدھ کے روز ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے محمود آباد منظور کالونی نالے کا دورہ کیا، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی سمیت دیگر محکموں کے ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے انسداد تجاوزات کی کارروائی کا معائنہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہ محمود آباد منظور کالونی نالے کے اطراف تجاوزات ہٹائے جانے سے علاقے کی اہمیت و افادیت میں اضافہ ہوگا، ابھی اس مقام پر گندگی اور غلاظت کے باعث صورتحال انتہائی ناگفتہ ہے جبکہ اس گندگی کے باعث یہاں کا ماحول بھی شہریوں کے لئے کسی بھی طرح صحت افزاء نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں جب نالے کے اطراف سڑک بن جائے گی تو اس علاقے کی شکل بدل جائے گی جویقینا بالخصوص یہاں رہنے والوں کے لئے خوشی کا باعث ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ یہاں رہنے والے مقامی لوگ اور ذمہ داران نے ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور بعض لوگوں نے تو از خود ہی کارروائی کرکے غیر ضروری طور پر تعمیر کی گئیں تجاوزات کو ہٹا دیا ہے، آئندہ چند دنوں میں تجاوزات ہٹائے جانے کے عمل کو مکمل کرلیں گے، انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم پر محمود آبادنالے اور اس کے اطراف قائم تجاوزات کو ہٹا یا جارہا ہے، اس کارروائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات، محکمہ کچی آبادی، محکمہ لینڈ، محکمہ میونسپل سروسز، محکمہ سٹی وارڈن سمیت انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی شریک ہیں، محمود آبادنالے کے دونوں طرف تجاوزات کا خاتمہ کرکے بھاری مشینری کے گزرنے کیلئے راستہ بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ منظور کالونی فائر اسٹیشن سے کورنگی پل تک تقریباً7کلومیٹر نالے کے دونوں جانب راستہ ہموار کیا جارہا ہے، آئندہ دو دنوں میں باقی ماندہ پختہ تجاوزات کو بھی مکمل طور پر ہٹا دیں گے، عدالتی احکامات پر من و عن عمل کرتے ہوئے اصل نقشے کے مطابق کام کیا جارہا ہے، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد تجاوزات کی اس کارروائی میں 57 مکانات اور دکانیں جزوی طور پر متاثر ہوئی ہیں،علاقے کے لوگ تعاون کررہے ہیں، کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ نالے کے دونوں جانب راستہ ہموار کرنے سے بھاری مشینری آسانی کے ساتھ آگے تک پہنچ رہی ہے، ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ اصل ڈیزائن کے مطابق کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور اس حوالے سے کسی بھی شخص کو کسی بھی طرح کا نقصان اور پریشانی نہ ہو۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here