تاجر اورصنعتکار اس ملک کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1434

تاجر اورصنعتکار اس ملک کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ تاجر اورصنعتکار اس ملک کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں، لاکھوں افراد ان کے قائم کردہ اداروں میں روزگار حاصل کرتے ہیں جبکہ پاکستان کی معیاری مصنوعات کے باعث دنیا بھر میں ملک کا نام نہ صرف روشن ہوتا ہے بلکہ پاکستان کو بہتر انداز میں متعارف کرانے کا مواقع بھی میسر آتے ہیں ایس ایم منیر نے صنعت و تجارت سے وابستہ لوگوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ ملک کے لئیے بھی نمایاں خدمات انجام دیں ، یہ بات انہوں نے ایس ایم منیر روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، جسے گزشتہ دنوں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ان کے نام سے منسوب کیا تھا، اس موقع پر معروف رہنماء ایس ایم منیر، کاٹی کے صدر سلیم الزماں، کاٹی کے سابق چیئرمین زبیر چھایا، فرحان الرحمن، ایس ایم یحییٰ ، عمر ریحان، کاٹی کی نائب صدر نگہت اعوان، کموڈور اکبر نقی، ڈائریکٹرجنرل ورکس کے ایم سی شبیہ الحسن اور دیگر افسران صنعت و تجارت سے وابستہ معروف شخصیات بھی موجود تھیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری تاجروں اور صنعت کاروں کا ایک بڑا ادارہ ہے اور کراچی میں واقع پانچ انڈسٹریل زون میں سے کورنگی انڈسٹریل زون نمایاں مقام کا حامل ہے، یہاں تیار کردہ مصنوعات پوری دنیا میں بھیجی جاتی ہیں اور ملک کو بڑے پیمانے پر زر مبادلہ حاصل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ کاروبار کے ساتھ ساتھ جو لوگ فلاحی و سماجی کاموں میں حصہ لیتے ہیں لوگوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں اور ان کی مدد کرتے ہیں وہ عظیم لوگ ہوتے ہیں، ایس ایم منیر بھی انہیں شخصیات میں سے ہیں جن کی تاجر برادری میں بڑی عزت ہے اور انہوں نے پاکستان کے لئے بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں، اسی لئے آج تین ہزار روڈ کورنگی کو ایس ایم منیر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ جب سول سوسائٹی متحرک ہوتی ہے تو وہاں معاشرہ ترقی کرتا ہے، معاشرے کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ایسے افراد کو جو خدمت خلق کرتے ہیں ان کی زندگی میں ہی ان کی ستائش کرے ایس ایم منیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے عزت کی بات ہے کہ میرے نام سے سڑک منسوب کی گئی ہے میں کراچی سے محبت کرتا ہوں کیونکہ اس شہر نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اس ملک میں غربت بہت ہے اس لئے مخیر حضرات آگے بڑھیں اور لوگوں کی مدد کریں، انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کو زکواۃ دینا یقینی بنائیں اس سے آپ کے مال و دولت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں لاہور منتقل ہوگیا ہوں لیکن کراچی سے اتنی ہی محبت کرتا ہوں جتنا 1947 سے کرتا آیا ہوں، انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد کی تعریف کی اور کہا کہ یہ شہر کے لئے بہتر کام انجام دے رہے ہیں، کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے کہا کہ کاٹی بلدیہ عظمیٰ کے ساتھ کراچی کی تعمیر و ترقی میں ہاتھ بٹائے گی اور ایس ایم منیر روڈ کو گود لے کر یہاں شجر کاری کریں گے، سابق صدر زبیر چھایا نے کہا کہ مسائل بہت سے ہیں لیکن ان مسئلوں کے حل کے لئے کاٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی یہ ادارہ 1970 سے خدمات انجام دے رہا ہے اور تاجروں صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے کاٹی اسی طرح منظم طریقے سے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، تقریب سے عمر ریحان نگہت اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here