ریونیو افسران ہر قیمت پر اپنے اہداف مقررہ وقت پر حاصل کریں،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1528

ریونیو افسران ہر قیمت پر اپنے اہداف مقررہ وقت پر حاصل کریں،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ ریونیو افسران ہر قیمت پر اپنے اہداف مقررہ وقت پر حاصل کریں،سہ ماہی بنیاد پر ریونیو ہدف حاصل کر کے اس کی رپورٹ ایڈمنسٹریٹر سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جائے، کے ایم سی مارکیٹوں میں کاروبار کرنے والے دکاندار وقت پر کرایہ ادا کریں بصورت دیگر ان کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی، لائٹ ہاؤس سے ہٹائے گئے دکانداروں کے لئے لی مارکیٹ کے قریب جدید طرز کا شاپنگ پلازہ تعمیر کیا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین حکیم شاہ کر رہے تھے جبکہ لائٹ ہاؤس مارکیٹ یونین کے رہنما حبیب الرحمن، نظام الدین، عباس، احمد شاہ اور فرحان بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ لائٹ ہاؤس مارکیٹ، لنڈا بازار میں مسمار کی گئیں 297 دکانوں کے متبادل کے طور پر لی مارکیٹ کے قریب ایک شاندار اور جدید شاپنگ پلازہ بنایا جا رہا ہے، اس چار منزلہ عمارت کے دو فلور شاپنگ سینٹر آنے والے خریداروں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مختص کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو پارکنگ میں مشکلات نہ ہوں اور اطمینان سے خریداری کرسکیں، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو دی گئی بریفنگ میں وفد کے اراکین نے بتایا کہ شاپنگ پلازہ کا ڈیزائن اور ایلوکیشن کے نقشے تیار ہیں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظوری کے فوری بعد تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس شاپنگ پلازہ میں فوڈ کورٹ کے لئے بھی جگہ مختص کی جائے اور اسے ایک معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ شاپنگ سینٹر بنایا جائے تاکہ وہاں کاروبار بہتر انداز میں کیا جاسکے اور خریداروں کو بھی ہر ممکن سہولیات دستیاب ہوں، انہوں نے کہا کہ لائٹ ہاؤس میں کاروبار کرنے والے لوگوں کا تعلق متوسط طبقے سے ہے جس کا ہمیں پورا احساس ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی شہری کا روزگار متاثر ہو، جن لوگوں کی دکانیں ختم کی گئی ہیں انہیں متبادل جگہ فراہم کردی گئی ہے اور پوری کوشش ہے کہ یہ لوگ پھر سے نئی جگہ پر اپنی روزی کمانے کے قابل ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں واقع بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مارکیٹوں میں جو لوگ کاروبار کر رہے ہیں اور وہ کے ایم سی کے کرایہ دار ہیں وہ دکانوں کا کرایہ بروقت ادا کریں، بصورت دیگر ان کی دکانوں کی الاٹمنٹ منسوخ ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ ادارے کی ریکوری کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت اور مکمل ریونیو ٹارگٹ حاصل کریں، کے ایم سی میں ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر مسائل حل کرنے کے لئے ریونیو کا حصول ضروری ہے لہٰذا اس معاملے میں ہرگز کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر تین مہینے کے بعد ریونیو اہداف کا جائزہ لیا جائے گا اور جو ریونیو افسران اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ادارے میں مالی استحکام کے لئے ریونیو کے محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ اہداف کو ہر صورت میں حاصل کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here