صنعت کار انڈسٹریل ایریا کو بہتر بنانے میں حصہ لیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1069

صنعت کار انڈسٹریل ایریا کو بہتر بنانے میں حصہ لیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ صنعت کار انڈسٹریل ایریا کو بہتر بنانے میں حصہ لیں، کورنگی صنعتی علاقے سے پورے پاکستان کے عوام کو روزگار مل رہا ہے، صنعتکاروں سے فنڈز نہیں صرف ان کا تعاون چاہتے ہیں، 15فروری سے کراچی میں شروع ہونے والی شجر کاری مہم میں 70 ہزار پودے لگا رہے ہیں جن سے صنعتی علاقے سرسبز ہوجائیں گے،کورنگی صنعتی علاقے کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی زبیر چھایا، سینیٹر عبدالحسیب خان، زاہد سعید،مسعود نقی اور کاٹی کے دیگر ممبران و صنعتکار بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ تاجر و صنعتکار ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں لہٰذا ان کی طرف سے شہر کی بہتری کے لئے دیئے گئے مشورے اہمیت کے حامل ہیں، کے ایم سی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی، کورنگی کی فیکٹریز میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لئے کے ایم سی کے 2فائر ٹینڈرز علاقے میں موجود رہیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر کاٹی کی درخواست کے مطابق ممتاز صنعتکار ایس ایم منیر کی خدمات کے اطراف میں کورنگی 3 ہزار روڈ کو ان سے منسوب کرنے کی منظور شدہ قرارداد کاٹی کے صدر سلیم الزماں کو پیش کی، انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہے، فیکٹریز اور اطراف کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی، کورنگی کے صنعتکار 15 فروری سے شروع ہونے والی شجرکاری مہم کے دوران اس علاقے میں لگائے جانے والے پودوں کی آبیاری اور نگہداشت کریں اور اپنی فیکٹریز کے اطراف میں ٹائلز لگائیں تاکہ صفائی ستھرائی رہے، حکومت سے امید ضرور لگائیں لیکن خود بھی اپنے حصے کا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ سڑک کے درمیان گرین بیلٹ کی مستقل مینٹی ننس ضروری ہے، فیکٹریز کے باہر دیواروں اور کھمبوں پر رنگ و روغن کرایا جائے تو علاقے کی خوبصورتی بڑھ سکتی ہے،ترقی اور بہتری کے کاموں میں صنعتکاروں کے ساتھ ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ شہر کو بہتر بنانے کے لئے مختلف شعبوں میں سول سوسائٹی اور فلاحی اداروں کا تعاون حاصل کیا گیا ہے، ہمارا مقصد کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر کو ٹھیک کرنا ہے جس میں سڑکیں، شاہراہیں، گرین بیلٹ، پارکس اور کھیل کے میدان شامل ہیں، اسٹریٹ لائٹس کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں، قبرستانوں کی صورتحال میں بہتری کے لئے مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں، خلوص نیت کے ساتھ کام کیا جائے تو بہتر سمت میں پیشرفت کا قوی امکان ہے، استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے صدر سلیم الزماں، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی زبیر چھایا، سینیٹر عبدالحسیب خان، زاہد سعید اور مسعود نقی نے کورنگی انڈسٹریل ایریا کے مسائل سے آگاہ کیااور ان کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں، انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقے کی سڑکیں ٹھیک ہونے اور برساتی نالوں کی صفائی سے صورتحال میں خاصی بہتری آنے کا امکان ہے، کورنگی صنعتی علاقے کے صنعتکار بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے شروع کی جانے والی شجرکاری مہم میں بھرپور تعاون کریں گے، آخر میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو شیلڈ پیش کی گئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here