حضرت عبدا للہ شاہ غازیؒ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسین

0
1612


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی نے کہا ہے کہ حضرت عبدا للہ شاہ غازیؒ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ نے اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے بے پناہ خدمات انجام دیں اورانسانیت کی بھلائی کے لئے برصغیر پاک و ہند میں علم کی شمع روشن کی، زائرین کے لئے ان کا مزار آج بھی مرجع خلائق ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوفی بزرگ حضر ت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1290 ویں عرس کے تیسرے روز حضر ت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے مزار پر حاضری اور شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور عبدالحسیب، ضلع غربی کے چیئرمین سید اظہار احمد،چیئرمین کچی آبادی سعد اللہ بن جعفر اوربلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی میئر نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے زائرین کی کراچی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے جبکہ اس دوران زائرین نے بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور انتظامیہ بہترین انتظامات پر مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں تبلیغ و ترویج دین کا فریضہ بزرگان دین نے انجام دیا اور آج بھی اس پورے خطے میں موجود درگاہیں اور خانقاہیں اس امر کی تصدیق کرتی ہیں کہ انہی ہستیوں نے دین اسلام کو عام کیا،یہ صوفیائے کرام ہی ہیں جنہوں نے اپنے روحانی تصوف سے وقت کے بڑے بڑے بادشاہوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور اسلام کی شمع برصغیر میں بالخصوص اور پوری دنیا میں بالعموم روشن کی، آپ نے محبت،اخوت اور بردباری سے لوگوں کے دلوں کو گرمایا اور ایمان کی دولت سے روشناس کرایا اور اہل سندھ کے درمیان دین کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ ان کے معاشی اور معاشرتی حقوق اور سماجی انصاف کے لئے بھی شعور اجاگر کیا، اسی وجہ سے آپ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے قابل احترام ہیں اور آج بھی تمام مکاتب فکر کے لوگ آپ کے مزار اقدس پر حاضری دے کر فیوض و برکات سمیٹتے ہیں۔یہ سلسلہ صدیوں سے جاری ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا، ڈپٹی میئر نے مزار پر حاضری کے موقع پر اسلام کی سربلندی، پاکستان اور خصوصاً شہر کی ترقی، امن و امان اور شہریوں کی سلامتی، یکجہتی اور اتحاد و اخوت کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here