کراچی شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی مہم کا آغاز

0
1573

کراچی شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی مہم کا آغاز
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی شہر کو صاف ستھرا رکھنے صفائی مہم کا اعلان کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت کردی ہے،انہوں نے یہ ہدایات شہر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، سیکرٹری بلدیات نجم شاہ، ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ خالد شیخ، پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی خالد مسرور اور دیگر نے شرکت کی۔
وزیر بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ مہم کے اس کام میں ڈی ایم سی، واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو شامل کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کراچی کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو مرکزی اتھارٹی میں تبدیل کردیا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کردیا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر قائد میں صفائی ستھرائی کے کام ٹھیک طرح سے جاری ہے لیکن شہر کے ان علاقوں سے کچرا ہٹاکر صاف ستھرا بنانے کی ضرورت ہے جہاں اسے بغیر کسی رکاوٹ کے چھوڑ دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جن گلیوں میں گندگی یا خستہ حال نظام کی وجہ سے گٹر بہہ رہے ہیں ان کی بحالی اور مرمت کی جائے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ صفائی ستھرائی کے کاموں، سڑکوں اور برساتی پانی کی نالوں کی تعمیر نو کے کام کو جاری رکھنے کا جائزہ لینے کے لیے رات کے کسی بھی اوقات میں شہر کا رخ کریں گے اور اس کے لیے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کے لیے محکمہ خزانہ کو فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ ہاؤس میں این ای ڈی یونیورسٹی کے زیر اہتمام محمود آباد نالہ کے اسٹڈی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے پہلے مرحلے میں محمود آباد نالہ کو ری ماڈلنگ کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس کے مطابق شہر کے باقی نالوں کی بھی ترقی کی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here