متوسط و غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ذریعے موجودہ بیوروکریٹس کی جگہ لیں،افتخار شالوانی

0
1106

متوسط و غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ذریعے موجودہ بیوروکریٹس کی جگہ لیں،افتخار شالوانی
کراچی: (اسٹاف رپورٹرطلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ متوسط و غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ذریعے موجودہ بیوروکریٹس کی جگہ لیں اور خود کو اعلیٰ سرکاری عہدے کا اہل ثابت کردکھائیں، کراچی کے ہر علاقے کے نوجوان طلبہ و طالبات کو سی ایس ایس امتحان کی تیاری کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے جس کے مستقبل میں انتہائی مثبت نتائج سامنے آئیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شام بلدیہ عظمیٰ کراچی کے المرکز اسلامی عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا میں دوسرے سی ایس ایس کارنر کے افتتاح کے موقع پر کیا، ایڈیشنل کمشنر کراچی ڈاکٹر وقاص روشن، ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰحہ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر ویمن اسپورٹس کمپلیکس محترمہ ناہید عابدہ، ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس کنور ایوب، سابق سینئر بیوروکریٹس، اعلیٰ افسران اور طلباء کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سی ایس ایس مقابلے کا امتحان ہے اس کے لئے اسمارٹ ریڈنگ، اپنے مضامین پر فوکس، لائبریری میں بیٹھ کر مطالعہ اور انگلش مضمون نگاری پر عبور ہونا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ محنت سے ہی انسان بلند مقام حاصل کرسکتا ہے اگر آپ اس امتحان کو پاس نہ کرسکے جب بھی پوری دنیا کے دروازے آپ پر کھلے ہوئے ہیں، علم کا حصول خدمت خلق کے جذبے سے کریں، عالمی صورتحال، خارجہ تعلقات، پاکستان کے اندرونی معاملات، تحریک پاکستان اور دیگر اہم موضوعات کو نظر میں رکھیں، انہوں نے کہا کہ یہ کوئی مشکل امتحان نہیں ہے ہر اچھا طالب علم اسے پاس کرسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ قبل ازیں فریئر ہال میں ڈیڑھ ماہ سے جاری پہلے سی ایس ایس کارنر میں بڑی تعداد میں نوجوان سی ایس ایس امتحان کی تیاری کر رہے ہیں اور اس تجربے کی کامیابی کے بعد اب یہاں دوسرا سی ایس ایس کارنر قائم کیا گیا ہے جس میں فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، بفرزون اور ملحقہ آبادیوں کے نوجوان آج سے سی ایس ایس کلاسز میں شرکت کریں گے اور سینئر بیوروکریٹس، پروفیسرز، ریٹائرڈ اعلیٰ افسران،سیکریٹریز اور انتظامیہ سے وابستہ اعلیٰ شخصیات انہیں تجربات و مشاہدات کی روشنی میں سی ایس ایس امتحانات برائے سال2021ء کی تیاری کرائیں گے، ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ سینئر افسران اور بیوروکریٹس کی یہاں آمد سے شرکاء کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا تاہم انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ کامیابی کے لئے اچھی کتابوں کا مطالعہ بہت ضروری ہے، سی ایس ایس امتحانات میں بیٹھنے کے خواہش مند نوجوان تمام مضامین پر بھرپور توجہ دیں اور اسے اپنے لئے ایک چیلنج سمجھیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں متعارف کرائے جانے والے یہ اپنی نوعیت کے واحد سی ایس ایس کارنر ہیں جہاں شام کے اوقات میں طلبہ و طالبات کو سی ایس ایس امتحان کی تیاری کا موقع فراہم کیا گیا ہے، ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور اگر مناسب مواقع میسر آئیں تو یہ بہت آگے تک جا سکتے ہیں، اعلیٰ ملازمت حاصل کرنے کے لئے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنا ضروری ہے اور آپ کی محنت، توجہ، لگن اور جذبہ ہی آپ کو اس راہ میں کامیابی سے ہمکنار کراسکتا ہے، آنے والے کل میں آپ ہی کو اہم عہدوں کو سنبھالنا ہے اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے لہٰذا فی الوقت تمام غیرضروری مشاغل سے اپنی توجہ ہٹا کر صرف اور صرف سی ایس ایس کی تیاری کے لئے خود کو وقف کردیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف آپ کی رہنمائی اور مدد کرنا ہے باقی یہ آپ پر منحصر ہے کہ اس موقع سے پورا فائدہ اٹھائیں اور اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here