سی ایس ایس کارنر کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور کراچی کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں ان کلاسز سے استفادے کے لئے رجوع کیا ،افتخار شالوانی

0
1302

سی ایس ایس کارنر کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور کراچی کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں ان کلاسز سے استفادے کے لئے رجوع کیا ،افتخار شالوانی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ سی ایس ایس کارنر کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور کراچی کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں ان کلاسز سے استفادے کے لئے رجوع کیا جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اس شہر کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے لئے وقف کرنا چاہتے ہیں اور اپنی خدمات سے اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے خواہش مند ہیں، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر کے اچانک دورے کے موقع پر کہی جہاں طلبہ و طالبات کو سی ایس ایس امتحان برائے سال 2021 ء اور 2022 ء کی تیاری کے سلسلے میں سابق بیوروکریٹس، اعلیٰ افسران، شہری انتظامیہ کے عہدیداران، پروفیسرز اور اساتذہ کرام اپنے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں انہیں اس امتحان کی تیاری کرا رہے ہیں، سی ایس ایس کارنر کی یہ سہولت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر اہتمام مفت فراہم کی جا رہی ہے اور یہاں طلبہ و طالبات کو کتابیں اور دیگر مواد بھی کے ایم سی کی جانب سے دیا جا رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے سی ایس ایس کلاسز میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات سے کہا کہ اگر وہ محنت، لگن، توجہ اور پورے انہماک کے ساتھ امتحان کی تیاری کریں گے تو نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر کریں گے بلکہ اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرکے اپنے والدین کا نام بھی فخر سے بلند کریں گے اور ملک و قوم کی خدمت میں بھی ان کا مثالی کردار ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان مقابلے کے اس امتحان میں بیٹھیں لہٰذا فریئر ہال کے علاوہ المرکز اسلامی عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا میں بھی سی ایس ایس کارنر قائم کیا گیا ہے تاکہ اطراف کے علاقوں میں رہنے والوں کو سہولت ہو، انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ اپنے وقت کی اہمیت کو سمجھیں اور اسے غیرضروری مشاغل میں صرف کرنے کے بجائے پوری توجہ اپنی تعلیم پر دیں کیونکہ آپ کا یہ وقت بہت قیمتی ہے، سی ایس ایس کارنر میں آپ کو رہنمائی اور مدد فراہم کی جا رہی ہے اب یہ آپ کے اوپر منحصر ہے کہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور خود کو اس امتحان میں کامیابی کا اہل ثابت کردکھائیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here