لیاری اور ملیرمیں اربن فاریسٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ہزاروں پودے لگائے گئے ہیں، سید ناصر حسین شاہ

0
1525

لیاری اور ملیرمیں اربن فاریسٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ہزاروں پودے لگائے گئے ہیں، سید ناصر حسین شاہ
کراچی:(اسٹاف رپورٹرطلعت محمود) وزیر بلدیات اطلاعات و جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لیاری اور ملیرمیں اربن فاریسٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ہزاروں پودے لگائے گئے ہیں ہم نے 2019ء میں میاکی فاریسٹ پر کام شروع کیا تھا جسے شہر کے مختلف علاقوں تک بڑھا رہے ہیں، شجر کاری کے دوران ماحولیات دوست پودے لگائے جائیں گے، کے ایم سی آج سے شروع ہونے والی شجر کاری مہم کے تحت شہر بھر میں ایک لاکھ پودے لگائے گی، کے ایم سی کے ساتھ سول سوسائٹی اور مختلف فلاحی و سماجی تنظیمیں بھی اپنی طرف سے کراچی کو سرسبز و شاداب کرنے کے لئے حصہ لے رہی ہیں جو خوش آئند ہے، یہ بات انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کے ہمراہ گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں گل مہر کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی، دعوت اسلامی کے مختلف شعبوں کے سربراہ حاجی امین عطاری، آئی او بی ایم کے صدر طالب کریم، جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس، شہزاد میمن، ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہ سلیم اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جب تک شہری شجر کاری مہم میں حصہ نہیں لیں گے ہم کامیاب نہیں ہوسکتے، سول سوسائٹی اپنا کردار ادا کرے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق فاریسٹ میں بہت سے پروگراموں کا آغاز کیا ہے جن میں سرسبز سندھ بھی شامل ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اپنی نرسریز میں 70 ہزار مقامی پودے تیار کئے ہیں اس کے علاوہ بڑی تعداد میں سول سوسائٹی بھی پودے فراہم کر رہی ہے، اس سے یقیناً کراچی کے ماحول میں بہتری آئے گی،انہوں نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ کے ایم سی کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، ڈی ایم سیز میں ہماری کوششوں سے ریکارڈ بچت ہوئی ہے اور اخراجات میں کمی اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے، بہتری کی گنجائش ہمہ وقت موجود رہتی ہے، ڈی ایم سی وسطی میں دو روز قبل 594 ریٹائرڈ ملازمین کے 2016 سے رکے ہوئے بقایاجات ہم نے ادا کئے ہیں، ضلع غربی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں کے ایم سی کی جائیدادوں کو جن میں پیٹرول پمپس، ہٹس اور دکانیں شامل ہیں کوڑیوں کے مول دی گئیں اگر یہ نہ کیا جاتا تو کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے موجود ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نے بلدیاتی اداروں کی مدت پوری ہونے دی تاکہ جمہوری عمل برقرار رہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کے ایم سی نے کراچی کے ماحول کو بہتر کرنے کے لئے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا ہے اور کراچی کے مختلف علاقوں میں پودے لگائے جائیں گے جن کی آبیاری کی 4 ماہ تک کی ذمہ داری مختلف فلاحی و سماجی تنظیموں نے اپنے ذمے لی ہے، کے ایم سی کے باغات کی دیکھ بھال کے لئے علاقے لوگوں پر مشتمل باغبان کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو ان پارکوں کی مکمل دیکھ بھال کریں گی، انہوں نے کہا کہ شہر کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے اس لئے یہاں شجر کاری کی بہت زیادہ ضرورت ہے، کے ایم سی نے 70 ہزار سے زائد پودے اپنی نرسریوں میں تیار کئے ہیں اور یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، اس موقع پر وزیر بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی، میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی اور دیگر مہمانوں نے اپنے ہاتھوں سے گلشن جناح میں پودے بھی لگائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here